گلزادی بلوچ کے مقدمے پر بی وائی سی کا تشویشناک اعلامیہ

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) نے ایڈیشنل سیشن جج ون قاضی/قادر شاہ بخاری کی عدالت میں زیرِ سماعت گلبانو (گلزادی) بلوچ کے مقدمے کی شفافیت، عدالتی آزادی اور بنیادی انسانی حقوق پر سنگین سوالات اٹھاتے ہوئے اس کا فوری اور شفاف جائزہ لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلی بیان میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل سیشن جج قادر شاہ بخاری کے سامنے جاری کارروائی منصفانہ ٹرائل کے آئینی اصولوں کے منافی ہے۔ بی وائی سی کے مطابق ایک جج کا خود یہ اعتراف کرنا کہ وہ شدید دباؤ میں ہے اور اسے ملزمہ کو عمر قید یا سزائے موت سنانی پڑ سکتی ہے، پوری عدالتی آزادی کو داؤ پر لگا دیتا ہے۔ تنظیمی ترجمان نے سوال اٹھایا کہ "جب جج خود پر دباؤ کی بات کرے تو کیا ایسی عدالت سے انصاف کی توقع رکھی جا سکتی ہے؟”

اعلامیے کے مطابق 7 ستمبر کو وکلائے صفائی کی غیر موجودگی اور وکلاء کی ہڑتال کے باوجود عدالت نے ملزمہ کے آئینی دفاعی حقوق کو بلائے طاق رکھتے ہوئے جرح کی کارروائی آگے بڑھائی۔ وکیل صفائی کے بغیر گواہ پر جرح کروانا انسانی حقوق، پاکستان کے آئین اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ حقِ دفاع کوئی مراعات نہیں بلکہ بنیادی انسانی اور قانونی حق ہے۔

بی وائی سی نے مؤقف اختیار کیا کہ ایک طرف بی وائی سی کے رہنماؤں کو قیدِ بند میں رکھا گیا ہے تو دوسری جانب زیرِ التواء ضمانت کی درخواستوں پر دانستہ تاخیر کی جا رہی ہے۔ جب عدالتیں تاخیری حربے استعمال کرتی ہیں تو یہ تاخیر خود ایک سزاء کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ بلوچستان میں جاری ان عدالتی بے ضابطگیوں کا نوٹس لیں۔

بی وائی سی نےمطالبہ کیاکہ جج قادر شاہ بخاری کے عدالتی رویے اور کارروائی کا آزادانہ و شفاف معائنہ اور جائزہ لیا جائے۔ گلبانو (گلزادی) بلوچ کے قانونی و دفاعی حقوق کے مکمل تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ زیرِ التواء تمام ضمانت کی درخواستوں پر بلا تاخیر اور شفاف فیصلات جاری کیے جائیں۔

اعلامیے کے اختتام میں کہا گیا ہے کہ "انصاف کا محل خوف، دباؤ یا خاموشی پر نہیں تعمیر کیا جا سکتا۔ یہ تمام عدالتی کارروائیاں تاریخ کے اوراق میں محفوظ ہو رہی ہیں اور آئین و قانون کی پاسداری نہ کرنے والوں کو بالاخر جوابدہ ہونا پڑے گا۔”

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article