بلوچستان کے علاقے پنجگور اور قلات میں مسلح افراد کی سرگرمیوں اور پرتشدد واقعات کے نتیجے میں صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے۔ ایک جانب بلوچستان ایران سرحد سے منسلک تجارتی راہداری کو بلاک کر دیا گیا ہے تو دوسری جانب مرکزی شاہراہ پر پاکستانی فوج کی قافلے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ضلع پنجگور میں بلوچستان ایران سرحد کو ملانے والے اہم تجارتی روٹ "چیدگی” پر مسلح افراد نے گزشتہ دو گھنٹوں سے مکمل ناکہ بندی کر رکھی ہے۔
ناکہ بندی کے باعث سرحدی تجارت، مال بردار گاڑیوں اور سڑک پر عام نقل و حرکت شدید متاثر ہوئی ہے اور علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔
دوسری جانب ضلع قلات کے علاقے مرجان میں کوئٹہ تا کراچی مرکزی شاہراہ پر پیش آنے والے ایک سنگین واقعے میں پاکستانی فوج کے قافلے کو شدید نوعیت کے حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
علاقائی ذرائع کے مطابق مرجان کے مقام پر پہلے ایک زور دار دھماکہ ہوا جس کے بعد سیکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حملے کے نتیجے میں فورسز کو بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات اٹھانے کی اطلاعات ہیں، تاہم فوری طور پر حکام یا فورسز کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے باضابطہ تصدیق یا تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔