ضلع خضدار: زہری میں ایک سال سے بینکنگ سسٹم بند، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا

ایڈمن
ایڈمن
1 Min Read

بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے زہری میں یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) کی برانچ ۹ جنوری ۲۰۲۵ سے بند ہے، جس کے باعث علاقے میں کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہونے کے ساتھ سرکاری و نجی ملازمین کو تنخواہوں کے حصول میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ زہری میں کوئی دوسرا بینک موجود نہیں، جس کے باعث بینک کی طویل بندش سے عوام کو مالی معاملات میں شدید دشواری پیش آ رہی ہے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والے مستحقین بھی رقوم کے حصول سے محروم ہیں، جس سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

اہلیانِ زہری کا کہنا ہے کہ بینک کی طویل بندش نے علاقے کے معاشی نظام کو متاثر کیا ہے اور روزمرہ مالی امور میں رکاوٹیں پیدا کر دی ہیں۔

انہوں نے بلوچستان کے مشیرِ بلدیات حمزہ زہری، ڈپٹی کمشنر خضدار اور جی او سی خضدار کینٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ زہری میں قائم یو بی ایل برانچ کو فوری طور پر فعال کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article