دالبندین، تالاران چیک پوسٹ پر مسلح افراد کا حملہ، عمارتوں کو آگ لگا دی

ایڈمن
ایڈمن
1 Min Read

بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دالبندین میں نامعلوم مسلح افراد نے تالاران چیک پوسٹ پر حملہ کرکے چیک پوسٹ کے کمروں اور عمارتوں کو آگ لگا دی، جبکہ ایک سرکاری ہتھیار اور کیس پراپرٹی میں شامل سفید رنگ کی ڈبل ڈور گاڑی بھی اپنے ساتھ لے گئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ بدھ کی علی الصبح تقریباً ساڑھے تین بجے پیش آیا، جہاں 18 سے 20 نامعلوم مسلح افراد نے دالبندین سے تقریباً 65 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع تالاران چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔

مسلح افراد پوستی کی جانب سے آئے اور کارروائی کے بعد اسی سمت فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق مسلح افراد نے چیک پوسٹ کے کمروں اور عمارتوں کے اندر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔

واقعے کے وقت چیک پوسٹ پر پولیس کے دو اہلکار موجود تھے، تاہم دونوں محفوظ رہے اور کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سیلولر نیٹ ورک کی عدم دستیابی کے باعث واقعے کی اطلاع تاخیر سے موصول ہوئی۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے علاقے میں کارروائی شروع کردی ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article