خاران: نرسنگ کالج کے طلبہ بنیادی سہولیات سے محروم، بساک کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

ایڈمن
ایڈمن
4 Min Read

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی (BSAC) خاران زون نے نرسنگ کالج کے طلبہ کی بنیادی سہولیات سے محرومی پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

بیان کے مطابق نرسنگ کالج آف خاران کے ہاسٹل میں مقیم اسٹوڈنٹس کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ ہاسٹل میں سیکیورٹی، وارڈن اور کُک جیسی بنیادی ضروری سہولیات کا مناسب انتظام نہیں کیا گیا۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ اسٹوڈنٹس کو ہاسٹل میں اس صورتحال کے ساتھ رہنے کے بعد یہ کہہ کر گھروں کو بھیج دیا گیا کہ ادارے کی انتظامیہ اس حوالے سے کوئی ذمہ داری نہیں لے رہی، اور اسٹوڈنٹس اپنے والدین سے تحریری اجازت لے کر اپنی ذمہ داری پر ہاسٹل میں رہیں۔ یہ ایک انتہائی سنجیدہ سوال ہے کہ کیا کوئی کالج یا یونیورسٹی اسٹوڈنٹس کو داخلہ دینے کے بعد بنیادی سہولیات اور مناسب انتظامات فراہم کیے بغیر انہیں اس طرح اپنی ذمہ داری پر چھوڑ سکتی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اس صورتحال کے باعث اسٹوڈنٹس کی تعلیم شدید متاثر ہوئی ہے اور موجودہ سمسٹر کا کافی کورس ادھورا رہ گیا ہے، جس پر ہمیں شدید تشویش ہے۔ ایسے حالات میں اسٹوڈنٹس اپنی پڑھائی کس طرح جاری رکھیں گے اور وہ اس سمسٹر میں کامیابی سے امتحانات کیسے پاس کر سکیں گے، جبکہ انہیں تعلیمی اور رہائشی سہولیات کے حوالے سے بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا ہے۔ کالج میں محض تین کنٹریکٹ بیس ٹیچرز اور صرف ایک پرمینینٹ میڈم تعینات ہیں۔ ہاسٹل میں واٹر کولر تو نصب ہے مگر سالوں سال صاف پینے کا پانی میسر نہیں، نہ چوکیدار موجود ہے اور نہ وارڈن، جو اسٹوڈنٹس کو سنبھالے۔ اسٹوڈنٹس اپنی ضرورت کا سامان خریدنے کے لیے مقامی اسٹوڈنٹس کی مدد لینے پر مجبور ہیں، جو خود بھی اس بے حسی پر تنگ رہ چکے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ مزید افسوسناک بات یہ ہے کہ باہر سے آنے والے ٹیوٹر نرسز اور تدریسی عملہ بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، لیکن اس کے باوجود وہ اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور محنت کے ساتھ انجام دے رہے ہیں، جو انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کے برعکس ایک قابلِ تحسین جذبہ ہے۔

بساک خاران زون کے مطابق بحیثیت اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، ہم محترم وزیرِ صحت، متعلقہ حکام اور ڈائریکٹر نرسنگ بلوچستان سے پُرزور اپیل کرتے ہیں کہ نرسنگ کالج آف خاران کے اسٹوڈنٹس اور عملے کو درپیش ان سنگین مسائل کا فوری نوٹس لیا جائے، ہاسٹل میں سیکیورٹی، مستقل وارڈن، کُک اور صاف پانی کا انتظام یقینی بنایا جائے، باہر سے آنے والے تدریسی عملے کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں اور اسٹوڈنٹس کا ادھورا رہ جانے والا کورس مکمل کروانے کے لیے فوری تعلیمی پلان ترتیب دیا جائے۔ ہم ذمہ دار انتظامیہ سے اس صورتحال کی وضاحت طلب کرتے ہیں تاکہ اسٹوڈنٹس کے مستقبل کو مزید نقصان نہ پہنچے۔

بیان میں کہاگیا کہ نرسنگ کے اسٹوڈنٹس ملک کے مستقبل کے ہیلتھ کیئر پروفیشنلز ہیں۔ ان کی تعلیم، رہائش، تحفظ اور بنیادی سہولیات فراہم کرنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ ہم نرسنگ کالج آف خاران کے سٹوڈنٹس کی آواز بننے کے ہر ممکن رہنمائی اور حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ ہم بطور سٹوڈنٹس تنظیم سٹوڈنٹس کے تعلیمی مستقبل کے تحفظ، جو ان کی بنیادی حق کے لیے ہر وقت آواز بلند کرتے رہیں گے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article