لورالائی اور تربت میں روڈ حادثات،خاتون سمیت 2 افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے اضلاع لورالائی اور کیچ (تربت) میں پیش آنے والے دو مختلف سڑک حادثات کے نتیجے میں ایک خاتون اور ایک شخص ہلاک جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

لورالائی کے علاقے سردار اشرف ٹرمینل کے قریب ایک تیز رفتار دس ویلر ٹرک نے موٹر سائیکل کو شدید ٹکر مار دی۔

پولیس کے مطابق حادثے کے نتیجے میں پٹھان کوٹ لورالائی کے رہائشی بخت محمد ولد سلطان محمد (قوم ناصر) موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ ان کا 14 سے 15 سالہ کمسن بیٹا شفیع اللہ شدید زخمی ہو گیا، جسے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حادثے میں ملوث ٹرک کو تحویل میں لے کر ڈرائیور حامد احمد (قوم مینگل، سکنہ ڈیرہ اللہ یار) کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

دوسری جانب ضلع کیچ کے علاقے کیساک میں ایم-8 (M-8) شاہراہ پر زامیاد گاڑی اور موٹر سائیکل کے درمیان خوفناک تصادم پیش آیا۔

حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار شکر اور ان کی اہلیہ جماعتی شدید متاثر ہوئے۔

زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جماعتی نامی خاتون دم توڑ گئیں، جبکہ ان کے شوہر شکر شدید زخمی حالت میں زیرِ علاج ہیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article