بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی (BSAC) نصیرآباد زون نے ڈیرہ مراد جمالی کی واحد پبلک لائبریری کی زبوں حالی اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کے خلاف احتجاجی تحرک کا انتباہ دیا ہے۔
بساک کے زونل ترجمان کے مطابق، ڈیرہ مراد جمالی کی واحد پبلک لائبریری انتظامی طور پر محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیرِ انتظام ہے، تاہم متعلقہ محکمہ مسلسل مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ شدید گرمی کے باوجود لائبریری میں بجلی، ایئر کنڈیشننگ اور وائی فائی کی سہولیات ناپید ہیں، جبکہ موجود پنکھے بھی ناکارہ ہو چکے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث طالب علم لائبریری کے اندر بیٹھنے کے بجائے سخت گرمی میں صحن میں بیٹھ کر پڑھنے پر مجبور ہیں۔
تنظیم نے موقف اختیار کیا کہ متعدد بار انتظامیہ اور متعلقہ محکمے کی جانب سے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی گئی، مگر تاحال کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ متعلقہ حکام کی اس سرد مہری سے طلبہ میں شدید بے چینی اور تشویش پائی جاتی ہے۔
بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی نصیرآباد زون نے مطالبہ کیا ہے کہ لائبریری میں تمام بنیادی مسائل فوری بنیادوں پر حل کیے جائیں، جن میں بجلی اور ایئر کنڈیشننگ کا باقاعدہ انتظام، وائی فائی اور انٹرنیٹ سہولت کی فراہمی اور خراب پنکھوں کی فوری مرمت و تعلیمی ماحول کی بحالی شامل ہے۔
بساک نے حتمی انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایک سے دو ہفتوں کے اندر تمام مسائل کو عملی طور پر حل نہ کیا گیا، تو تنظیم لائبریری کے تمام طلبہ کو متحد کر کے متعلقہ اداروں کے خلاف شدید احتجاجی تحریک کا آغاز کرے گی اور معاملے کو میڈیا پر اجاگر کرنے کے لیے باقاعدہ پریس کانفرنس کی جائے گی۔