بلوچستان کے علاقے نوشکی میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے رہائش گاہ پر فائرنگ کے نتیجے میں حکومتی حمایت یافتہ شخص ،بلوچستان عوامی پارٹی (BAP) کے ضلعی صدر اور یونین کونسل باغک کے چیئرمین عبدالرحمان لانگو ہلاک ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے نوشکی میں عبدالرحمان لانگو کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
فائرنگ کے نتیجے میں عبدالرحمان لانگو موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی گھیرا بندی کر کے لاش کو تحویل میں لے لیا، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے محرکات اور حملے کی ذمہ داری کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ موقف سامنے نہیں آ سکا ہے۔