کوئٹہ: پاکستان آرمی چیف کو بلوچستان میں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیموں کی طاقت اور حکمت عملی پر بریفنگ

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

معروف پاکستانی صحافی اور تجزیہ کار اسد علی طور نے اپنے یوٹیوب پروگرام میں انکشاف کیا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے حال ہی میں کوئٹہ کا ایک انتہائی اہم اور اعلیٰ سطح کا دورہ کیا، جہاں انہیں بلوچستان میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال، بلوچ آزادی پسندمسلح تنظیموں کی ابھرتی طاقت، خطرات اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

کمانڈ اینڈ اسٹاف بریفنگ میں سیکیورٹی اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان اور اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی۔

بریفنگ میں شریک نمایاں شخصیات میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم خان، ڈی جی آئی ایس آئی و قومی سلامتی مشیر لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک، ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس (MI) میجر جنرل واجد عزیز، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا (سابق ڈی جی سی) میجر جنرل فیصل نصیر، ڈی جی ملٹری آپریشنز (MO) میجر جنرل کاشف عبداللہ ، آئی جی ایف سی نارتھ، آئی جی ایف سی ساؤتھ بلوچستان، جی او سی 33 ڈویژن، جی او سی 41 ڈویژن، جی او سی 44 ڈویژن، نیز آئی ایس آئی اور ایم آئی کے سیکٹر کمانڈرز کوئٹہ شریک تھے ۔

بریفنگ کے دوران بلوچستان میں متحرک آزادی پسند مسلح تنظیموں، بشمول بی ایل اے (BLA) اور بی ایل ایف (BLF)، کی طاقت، ان کی کارروائیوں کی صلاحیت اور ٹارگٹس پر روشنی ڈالی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ سیکیورٹی صورتحال کے باعث اہم معاشی و معدنیاتی منصوبے متاثر ہو رہے ہیں؛ جن میں ریکوڈک میں کینیڈین کمپنی بیرک گولڈ (Barrick Gold) کی پیش رفت میں تاخیر اور سیندک پروجیکٹ پر چائنیز کمپنیوں کو درپیش مشکلات شامل ہیں۔

تجزیہ کار اسد طور کے مطابق، مقامی ذرائع اور باخبر حلقوں کا کہنا ہے کہ آزادی پسند تنظیموں کے گوریلا جنگجوؤں کی نقل و حرکت اور صلاحیتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔گزشتہ برسوں میں کی جانے والی کارروائیوں (مثلاً ‘ہیروف 2’) کی طرح آئندہ بھی بڑی کارروائیوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے ریاستی اداروں کی گراؤنڈ انٹیلی جنس پر سنگین سوالات اٹھے ہیں۔

کوئٹہ بریفنگ کا مرکزی نقطہ بلوچستان میں جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کی مثریت کا جائزہ لینا اور آنے والے دنوں میں سیکیورٹی اقدامات کو مزید سخت بنانا تھا۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article