دکی میں مسلح افراد کے حملے میں 3 افراد ہلاک، 2 لاپتہ، تربت میں ایک شخص قتل ، خضدار سے لاش برآمد

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے دکی ،کیچ (تربت) اور خضدار میں پیش آنے والے پرتشدد واقعات اور فائرنگ کے نتیجے میں 3 افغان محافظوں سمیت 5 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ 2 افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔

دکی سے پولیس ذرائع کے مطابق سردار اکبر خان ناصر کے ‘جھالار زمینداری ایریا’ کی پوڑھ پہاڑی کے قریب مسلح افراد اور محافظوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچ گئی جہاں سے 3 محافظوں کی لاشیں برآمد کر کے ڈی ایچ کیو ہسپتال دکی منتقل کر دی گئیں۔

پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والے تینوں محافظوں کا تعلق افغانستان سے ہے، جن کی شناخت غنی (عرف غنو)، آغا جان اور عزت خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد سے دو مزید محافظ، نادر خان اور بشیر خان، تاحال لاپتہ ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات اور لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

تربت کے علاقے کرکینی میں مچھلی مارکیٹ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا۔

واقعے کے فوری بعد لاش کو ضروری قانونی اور طبی کارروائی کے لیے ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کر دیا گیا ہے۔ تاہم، ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت اور فائرنگ کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکی ہیں۔

دوسری جانب خضدار کے علاقے باغبانہ، نوغے کراس سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

مقامی انتظامیہ نے لاش کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا ہے تاکہ شناختی عمل اور موت کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article