بلوچستان کے علاقے خاران میں پاکستانی فوج کے پیراملٹری فورس فرنٹیئر کور (ایف سی) کی ‘زاری پوسٹ’ پر مسلح افراد کے حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک اور 4 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، یہ واقعہ 4 ستمبر 2026 کو شام تقریباً 4:10 بجے اس وقت پیش آیا جب ایف سی بلوچستان (84 ونگ خاران رائفلز) کی زاری پوسٹ کو خالی کیا جا رہا تھا۔ اسی اثنا میں پہلے سے گھات لگائے مسلح افراد نے پوسٹ پر اچانک حملہ کر دیا، جس کے بعد دونوں اطراف سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
حملے اور فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں ایف سی کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ 4 افراد زخمی ہوئے، جن میں ہلاک اہلکار کی شناخت لانس نائیک آصف انوار اور زخمیوں کی شناخت نائیک محمد عثمان، لانس نائیک رمضان، سپاہی مجاہد اور غلام محمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔
واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی گھیرا بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔