لاہور سے ایم فل اسکالر عمار بلوچ جبری لاپتہ،پنجگور، کوئٹہ اور حب سے 3 لاپتہ نوجوان بازیاب

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے ایک بلوچ طالب علم کوپاکستانی فوج نے حراست میں لے کر جبری لاپتہ کر دیا ہے، جبکہ دوسری جانب بلوچستان کے مختلف علاقوں سے ماضی میں لاپتہ کیے گئے 3 نوجوان فوج کے عقوبت خانوں سے بازیاب ہو کر اپنے گھروں کو پہنچ گئے ہیں۔

موصولہ تفصیلات کے مطابق، ڈیرہ غازی خان کے قصبہ کالا کے رہائشی عمار بلوچ کو گزشتہ رات تقریباً 12:30 بجے لاہور سے پاکستانی فوج کے خفیہ اداروں نے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا، جس کے بعد سے ان کا اپنے اہل خانہ سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔

عمار بلوچ نے پنجاب یونیورسٹی لاہور سے بی ایس کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد حال ہی میں چین سے ایم فل کی تعلیم مکمل کی تھی۔

واقعے کے بعد ساتھی طلبہ اور انسانی حقوق کے فعال حلقوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے عمار بلوچ کی فوری اور بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔

طلبہ کا کہنا ہے کہ اگر عمار بلوچ پر کوئی الزام ہے تو انہیں فوری طور پر عدالت کے سامنے پیش کیا جائے، بصورتِ دیگر اس طرح کی غیر قانونی توصیف اور جبری گمشدگی کا سلسلہ بند کیا جائے۔

دوسری جانب بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستانی فوج کی تحویل میں رہنے والے 3 مختلف نوجوان شدید جسمانی و نفسیاتی تشدد کا نشانہ بننے کے بعد بازیاب ہو کر اپنے گھروں کو پہنچ گئے ہیں۔

جہانزیب بلوچ ولد عبدالمصمد: پنجگور کے رہائشی جہانزیب بلوچ کو 9 جولائی 2026 کو جبری لاپتہ کیا گیا تھا، جو 2 ستمبر 2026 کو پنجگور سے بازیاب ہو گئے۔

امداد شاہوانی ولد رؤف شاہوانی : کوئٹہ (کلی سردھے حاجی قاسم شاہوانی اسٹریٹ) کے رہائشی امداد شاہوانی 30 اگست 2026 کو حراست میں لیے گئے تھے، جنہیں 3 ستمبر 2026 کو کوئٹہ سے رہا کر دیا گیا۔

زبیر احمد ولد نور احمد : سوراب کے بنیادی رہائشی اور حال مقیم حب چوکی (چرائی بلوچ آباد) کے زبیر احمد کو 30 جولائی 2026 کو اٹھایا گیا تھا، جو 2 ستمبر 2026 کو حب چوکی سے بازیاب کر دیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بازیاب ہونے والے نوجوان دورانِ حراست شدید تشدد کی وجہ سے شدید ذہنی اور جسمانی صدمے سے دوچار ہیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article