زہری میں کرفیو، کواڈ کاپٹر حملے میں خاتون ہلاک، 25 افراد لاپتہ، شعبان میں جیٹ طیاروں کی بمباری

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کےضلع خضدار کے علاقے زہری اور کوئٹہ کے نواحی علاقے شعبا ن میں پاکستانی فوج کی جانب سے فضائی حملوں، جیٹ طیاروں کی بمباری اور شدید فوجی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک ، متعدد زخمی اور درجنوں افراد کو جبری طور پر لاپتہ کر دیا گیا ہے۔

تحصیل زہری کے علاقے سنی اور اطراف میں گزشتہ کئی ماہ سے قائم کرفیو میں مزید سختی کر دی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق فوج کے ایک کواڈ کاپٹر (ڈرون) حملے کے نتیجے میں پانی لینے کے لیے جانے والی ایک خاتون ہلاک ، جبکہ ایک اور خاتون سمیت دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔

اسی فوجی جارجیت کے دوران فوج نے سنی کے مقام سے 25 علاقہ مکینوں کو تحویل میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے، جبکہ علاقے میں موبائل نیٹ ورک اور مواصلاتی ذرائع معطل ہونے کے باعث متاثرین اور مغوی افراد کی شناخت کی تفصیلات حاصل کرنے میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

واضح رہے کہ زہری میں شدید پابندیاں نافذ ہیں جہاں شہریوں کے گھروں سے نکلنے اور بازار جانے کے لیے مخصوص اوقات مقرر کیے گئے ہیں، اور علاقے سے باہر نکلنے کے لیے فورسز کی اجازت لازمی قرار دی گئی ہے۔

اس سے قبل زہری کے علاقے سو ہندہ میں بھی فورسز کے آپریشن میں 20 سے زائد شہریوں کی ہلاکتیں اور درجنوں جبری گمشدگیاں رپورٹ ہو چکی ہیں۔

دوسری جانب، کوئٹہ سے متصل شعبان کے پہاڑی سلسلوں میں گزشتہ شب پاکستانی فوج کے جیٹ طیاروں نے شدید بمباری کی۔

مقامی ذرائع کے مطابق آدھی رات کو پہاڑی سلسلوں میں زور دار دھماکے سنے گئے اور طیاروں کی پروازیں دیکھی گئیں۔

یہ گزشتہ دو دنوں کے دوران فضائی بمباری کا دوسرا بڑا واقعہ ہے۔

اس سے قبل قلات کے علاقے دشت گوران میں بھی جیٹ طیاروں کے ذریعے بمباری کی گئی تھی، جس میں علاقہ مکینوں کے مطابق متعدد مکانات تباہ ہوئے تاہم کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سوراب کے علاقوں گدر اور گوندان میں فوج کی فضائی بمباری کے نتیجے میں 27 افراد ہلاک ہو گئے تھے، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی تھی۔

مستونگ، کیچ اور زہری میں مارٹر اور ڈرون حملوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، جس پر سیاسی و سماجی تنظیموں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے فورسز کی جانب سے عام آبادیوں پر تشدد اور بمباری کے روک تھام کے لیے مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article