بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے ماشکیل میں بڑی تعداد میں بلوچ آزادی پسند تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ ( بی ایل ایف) کےسرمچاروں نے شہر کے مختلف اہم مقامات پر کنٹرول اپنے ہاتھوں میں لیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق سرمچاروں نے ماشکیل کے مقامی پولیس اسٹیشن اور کسٹمز چیک پوسٹ کو اپنےکنٹرول میں لے لیا ہے، جبکہ علاقے میں موجود فرنٹیئر کور (ایف سی) کے مرکزی کیمپ پر حملے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرمچاروں کی جانب سے مختلف مقامات پر شدید فائرنگ کی گئی، جبکہ علاقے میں دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔
تاحال سرکاری سطح پر مکمل تصدیق سامنے نہیں آسکی ناہی جانی و مالی نقصان کے حوالے سے بھی فی الحال کوئی حتمی اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں۔
تاہم دوسری جانب بی ایل ایف کے ترجمان میجر گہرام بلوچ نے میڈیا کو جاری کردہ اپنے ایک مختصر بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان لبریشن فرنٹ کے سرمچاروں نے آج بروز ہفتہ 29 اگست 2026 کو مربوط کارروائی کرتے ہوئے ماشکیل شہر پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سرمچاروں نے ہمہ جہت حملہ کر کے ماشکیل شہر میں قائم پولیس تھانہ، کسٹم چیک پوسٹ اور تمام اہم سرکاری دفاتر کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پیش قدمی اور کارروائی کے دوران سرمچاروں نے فضا سے نگرانی اور حملے کے لیے استعمال ہونے والے قابض فوج کے 3 کواڈ کاپٹرز کو کامیابی سے مار گرایا ہے، جبکہ اس وقت بھی قابض فوج کے ساتھ مختلف مقامات پر جھڑپیں جاری ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ عسکری کارروائی کے تمام مراحل اور معرکہ مکمل ہونے کے بعد تفصیلی بیان باقاعدہ جاری کی جائے گی۔
یاد رہے کہ ماشکیل، ضلع واشک کا ایک اہم سرحدی علاقہ ہے۔ یہ علاقہ ماضی میں بھی مسلح حملوں کے باعث خبروں میں رہا ہے۔ حالیہ ہفتوں میں بھی واشک اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں مسلح کارروائیوں کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔