بلوچستان کے ضلع کیچ میں زبیدہ جلال روڈ پر حیر آباد کے مقام پر پاکستانی فوج کی کانوائے پر مسلح افراد کے حملے میں ایک اہلکار ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ایف سی کانوائے کو آج صبح مند جاتے ہوئے حیر آباد کے مقام پر قریبی پہاڑوں سے مسلح افراد نے نشانہ بنایا۔ حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک اور تین اہلکار زخمی ہوئے۔
ذرائع کے مطابق زخمی اہلکاروں کو فوری طبی امداد کے لیے ایف سی ہیڈکوارٹر منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے حملہ آوروں کے خلاف جوابی کارروائی کی گئی، تاہم مسلح افراد کارروائی کے بعد فرار ہوگئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔
واقعہ کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔