بلوچستان کے ڈیرہ مراد جمالی کے قریب چھتر کے علاقے میں بجلی کے ٹاور کو دھماکہ خیز مواد سے اڑادیا گیا جبکہ مستونگ دشت میں موٹرسائیکل بم دھماکے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
ڈیرہ مراد جمالی کے قریب چھتر کے علاقے میں بجلی کے ٹاور کو دھماکہ خیز مواد سے اڑادیا گیاجس سے سندھ اور پنجاب کے متعدد علاقوں میں بجلی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔
پولیس کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی کے قریب پولیس تھانہ چھتر کی حدود پٹ فیڈر اندرون کے علاقے میں اوچ پاور پلانٹ سے سندھ اور پنجاب جانے والی بجلی ہائی ٹرانسمیشن سسٹم 220 کے وی کے ٹاور کو نا معلوم مسلح افراد نے دھماکہ خیز مواد سے اڑادیا۔
علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ اس قدر شدید تھاکہ اسکی اواز دور دور تک سنی گئی۔
واقعے کی اطلاع پر پولیس اور سیکورٹی فورسز جاے وقوع پر پہنچ گئے اور علاقے کا گھراو کرکے مذید تحقیقات شروع کردی گئی ۔
دوسری جانب مستونگ سے پولیس کے جاری کردہ بیان کے مطابق مستونگ کے علاقے دشت میں سبی روڈ پر درخشان ناکے کے قریب موٹرسائیکل پر نصب بم کے دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
زخمی شخص کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم دھماکے کی نوعیت سے متعلق مزید معلومات سامنے نہیں آسکیں۔