تربت و کوہلو میں روڈحاثات سے خاتون وبچہ سمیت 2 افراد ہلاک،53 افراد زخمی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے تربت اور کوہلو میں ٹریفک کے دو مختلف حادثات سے خاتون و بچہ سمیت 2 افراد ہلاک جبکہ 53 افراد زخمی ہوگئے۔

تربت سے پنجگور جاتے ہوئے سامی کے قریب ایم ایٹ شاہراہ پر تیز رفتار گاڑی مبینہ طور پر بریک فیل ہونے کے باعث بے قابو ہوکر شاہراہ سے نیچے الٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک بچہ ہلاک جبکہ 11 مرد، خواتین اور بچے زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے دوران بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔ حادثے کے نتیجے میں ایک بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا جب کہ گاڑی میں سوار دیگر 11 افراد زخمی ہوئے۔

زخمیوں اور بچے کی میت کو ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کردیا گیا جہاں ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے کم از کم دو افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

حادثے میں زخمی ہونے والوں میں جواد احمد ولد عبد المالک، مظفر ولد محمد، مراد بی بی بنت محمد سلیم، حیر بیار ولد طفر، نگینہ بنت عبد الرسول، سمیرہ بنت مسلم، مرادی زوجہ مسلم، نادیہ زوجہ مسلم، سادیہ بنت سلیم، صنوبر بنت سلیم اور سعید ولد سلیم شامل ہیں۔

اسی طر ح کوہلو میں ڈی جی خان شاہراہ پر لاسے زئی کے مقام پر باراتیوں سے بھری گاڑی تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 42 افراد زخمی جبکہ ایک خاتون ہلاک ہوگئی۔

حادثے کے فوراً بعد زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوہلو منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔

ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال کوہلو ڈاکٹر اصغر مری کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 17 افراد کو ڈی ایچ کیو ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ 25 شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے ڈیرہ غازی خان ریفر کردیا گیا۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article