وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے محمد وقاص اور مٹھا خان ولد نواب خان کے لواحقین سے ملاقات کرکے اظہارِ تعزیت اور یکجہتی کیا۔
انہوں نے دونوں بھائیوں کے ماورائے عدالت قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شہری کو قانون سے ہٹ کر سزا دینا آئین اور قانون کی روح کے منافی ہے۔
نصراللہ بلوچ نے کہا کہ اگر وقاص احمد اور مٹھا خان کسی جرم کے مرتکب تھے تو انہیں آئین و قانون کے مطابق عدالت میں پیش کیا جاتا اور شفاف عدالتی کارروائی کے بعد فیصلہ کیا جاتا۔ کسی شہری کو جبری طور پر لاپتہ کرنے، ماورائے عدالت قتل کرنے اور مسخ شدہ لاشیں پھینکنے کا عمل بنیادی انسانی حقوق اور قانونی تقاضوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر آزادانہ، شفاف اور غیر جانب دار تحقیقات کرائی جائیں، واقعے کے اصل حقائق سامنے لائے جائیں اور زمہ داروں کو آئین و قانون کے مطابق قانونی کارروائی اور انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ ساتھ ہی متاثرہ خاندان کو انصاف اور تمام قانونی حقوق فراہم کیے جائیں۔
لواحقین کے مطابق محمد وقاص اور مٹھا خان کو 17 مئی 2026 کو مچھ سے مبینہ طور پر جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا، جبکہ 22 اگست 2026 کو ان کی لاشیں اوستہ محمد کے علاقے سے ملیں۔