خاران سے 3 کسٹم اہلکار تحویل میں، نوشکی اور تمپ سے گولیوں سے چھلنی 2 لاشیں برآمد

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے کے علاقے خاران، نوشکی اور تمپ سے مسلح افراد کی جانب سے کسٹم اہلکاروں کو تحویل میں لیے جانے اور 2 افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

خاران سے مسلح افراد نے 3 کسٹم اہلکاروں کو حراست میں لے لیا ہے۔ واقعہ گزشتہ روز دالی کے مقام پر پیش آیا جہاں مسلح افراد نے ناکہ بندی کے دوران تین کسٹم اہلکاروں کو حراست میں لیا۔

واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے تاہم مذکورہ علاقے میں بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیمیں متحرک ہیں۔

نوشکی، گرانو کے قریب لیویز چوکی کے مقام پر ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جس کو گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا ہے۔

مذکورہ شخص کی شناخت مقامی افراد نے ثناء اللہ ولد عطاء اللہ جمالدینی سکنہ کلی جمالدینی نوشکی کے طور پر کی ہے۔

مذکورہ شخص کے ہلاکت کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہو سکے ہیں تاہم اس سے قبل ایک مسلح حملے میں مذکورہ شخص زخمی ہوا تھا، جبکہ حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔

دوسری جانب تمپ گومازی کے جنگل سے بھی ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کی شناخت شیرجان ولد عبدالشکور، سکنہ گومازی، کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق لاش کے جسم پر گولیوں کے نشانات پائے گئے ہیں۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آ سکی ہیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article