بلوچستان کے علاقے سوراب کے قریب مختلف واقعات میں تربت سے تعلق رکھنے والے چار افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جن میں کوشک ملک آباد کے رہائشی عامر گچکی اور ان کے ساتھی سمیت دشت کوھک سے تعلق رکھنے والے دو بھائی بھی شامل ہیں۔
اہلخانہ نے ان کی بحفاظت بازیابی کی اپیل کی ہے۔
فیملی ذرائع کے مطابق کوشک ملک آباد تربت کے رہائشی عامر گچکی ولد شبیر احمد گچکی 21 اگست بروز جمعہ صبح تقریباً 8 بجے خاندانی کام کے سلسلے میں اپنی گاڑی پر کوئٹہ کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ ان کے ہمراہ علی محمد ولد عبداللہ، سکنہ ہوشاپ حال آبسر تربت بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق عامر گچکی سے آخری مرتبہ سہ پہر تقریباً ساڑھے تین بجے رابطہ ہوا، جب انہوں نے بتایا کہ وہ سوراب کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ اس کے بعد دونوں سے رابطہ منقطع ہوگیا اور تاحال ان کے بارے میں کوئی معلومات نہیں مل سکیں۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق تربت سے تعلق رکھنے والے دشت کوھک کے دو بھائی بھی 23 اگست کو کراچی سے اپنی گاڑی پر کوئٹہ کے لیے روانہ ہوئے تھے، تاہم سوراب کے قریب پہنچنے کے بعد ان سے بھی رابطہ منقطع ہوگیا۔ یوں سوراب کے قریب تربت سے تعلق رکھنے والے چار افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ایام میں سوراب کے علاقے میں فورسز اور مسلح افراد کی جانب سے مبینہ ناکہ بندی اور سنیپ چیکنگ کی اطلاعات بھی موصول ہوئی تھیں، جس کے باعث اہلخانہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ممکنہ طور پر چاروں افراد کو گاڑیوں سمیت اغوا کیا گیا ہے۔ تاہم ان کے لاپتہ ہونے کی اصل وجوہات اور ذمہ داروں کے بارے میں تاحال کوئی مصدقہ معلومات سامنے نہیں آسکیں۔