کھڈکوچہ میں نافذ کرفیو میں علاقہ خالی کرنے کا حکم، جھاؤ میں پولیس پوسٹ پر قبضہ ، 2 ہلاکتیں ، واشک میں لیویز اہلکار یرغمال

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے مستونگ، جھاؤ اور واشک سے سیکورٹی اقدامات، چیک پوسٹ پر قبضے، فائرنگ اور لیویز اہلکاروں کو تحویل میں لیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے ممکنہ سیکورٹی آپریشن کے خدشات کے پیش نظر ضلع مستونگ کی تحصیل کھڈکوچہ کے رہائشیوں کو کل دوپہر 3 بجے تک علاقہ خالی کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ سیکورٹی خدشات بڑھنے کے باعث علاقے میں سیکورٹی اقدامات کو انتہائی سخت کرتے ہوئے دوسری بار کرفیو بھی نافذ کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز جھاؤ کے علاقے "شیریں اور فرہاد” میں مسلح افراد کی ایک بڑی تعداد نے پولیس چیک پوسٹ کا کنٹرول سنبھال لیا۔

حملہ آوروں نے چیک پوسٹ پر موجود اسلحہ اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا جبکہ ایک گاڑی اور کئی موٹر سائیکلوں کو آگ لگا دی۔

اس واقعے کے بعد مسلح افراد نے ناکہ بندی کے دوران فائرنگ کر کے ڈیتھ اسکواڈ کے دو ارکان، جن کی شناخت ظفر اور فیض کے نام سے ہوئی ہے، کو ہلاک کر دیا اور ان کے پاس موجود اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔

ادھر واشک سے اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ مسلح افراد نے لیویز فورس کے اہلکاروں کو تحویل میں لے لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق لیویز اہلکار ٹیکس وصولی کی کارروائی میں مصروف تھے کہ اس دوران مسلح افراد نے انہیں تحویل میں لے لیا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ مسلح افراد نے لیویز اہلکاروں کے زیرِ استعمال اسلحہ اور گاڑیاں بھی اپنے قبضے میں لے لیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article