پنجگور ،واشک اور لورالائی میں خوفناک ٹریفک حادثات، 4 خواتین سمیت 11 افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
4 Min Read

بلوچستان کے علاقے پنجگور ، واشک اور لورالائی میں خوفناک ٹریفک کے تین مختلف حادثات میں 4 خواتین سمیت 11 افراد ہلاک جبکہ3 کمسن بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

پنجگور سے پولیس ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقے گوران میں ایک خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 4 خواتین سمیت 5 افرادہلاک جبکہ دو کمسن بچے شدید زخمی ہوگئے۔

حادثہ تیل بردار پک اپ گاڑی اور ایگزیو کار کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم کے باعث پیش آیا۔

حادثے میں 4 خواتین اور ایک نوجوان، جمشید ولد عبیداللہ، موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

ہلاک افراد کا تعلق پنجگور کی تحصیل پروم سے بتایا جاتا ہے، جبکہ زخمی ہونے والے دونوں کمسن بچوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

حاددثے کے حوالے سے پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔

دوسری جانب ضلع واشک میں شمشی کے قریب ایک المناک ٹریفک حادثے میں 4 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب شمشی میں کھجور کی پیکنگ کے لیے جانے والی ایک زمیاد گاڑی تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر الٹ گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ اتنا شدید تھا کہ 3 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 3 دیگر شدید زخمی ہو گئے۔

زخمیوں کو فوری طور پر شمشی بی ایچ یو منتقل کیا گیا۔

زخمیوں میں ایک کمسن بچہ بھی شامل ہے۔

بی ایچ یو میں طبی امداد کے دوران ایک اور زخمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔

اس طرح اس حادثے میں ہلاک افراد کی مجموعی تعداد 4 ہو گئی ہے۔

طبی عملے کے مطابق باقی 2 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق واشک سے ہے اور وہ ذرائع معاش کے سلسلے میں کھجور کی پیکنگ کے لیے جا رہے تھے۔

حادثے کی اطلاع پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔

اہلِ علاقہ نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شمشی روڈ پر ٹریفک کی روانی اور گاڑیوں کی فٹنس کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔

دریں اثنالورالائی میں افسوسناک ٹریفک حادثے میں 2 افراد ہلاک ہو گئے۔

لورالائی کے تحصیل میختر کے علاقے جلیبی موڑ کے قریب کار کی ٹکر سے دو موٹر سائیکل سوار ہلاک ہوگئے، جبکہ کار سوار موقع سے فرار ہوگیا۔

حادثے کے بعد سڑک پر موجود موٹر سائیکل سواروں کو بچاتے ہوئے ایک ٹرک الٹ گیا، جس کے نتیجے میں ٹرک ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم اور ایف سی نارتھ میختر کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور ہلاک افراد اور زخمی ڈرائیور کو ٹیچنگ ہسپتال لورالائی منتقل کر دیا۔

ہلاک افراد کی شناخت امان اللہ ولد صوبیدار حمزہ زئی اور یوسف ولد فضل محمد ولیزئی کے نام سے ہوئی، جبکہ زخمی ٹرک ڈرائیور کی شناخت خواجہ محمد ولد علی جان علیزئی کے نام سے ہوئی ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article