پشین سرانان شہر پر بی ایل اے کا کنٹرول ،پولیس تھانہ تباہ ، اسلحات ضبط

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے پشین کے علاقے سرانان میں مسلح افراد نے پولیس تھانے کو دھماکہ خیز مواد سے اڑادیا اورجاتے ہوئے دو گاڑیاں ،اسلحہ اور دو اہلکاروں کو اپنے ہمراہ لے گئے جنہیں بعد ازاں چھوڑدیا گیا۔

ذرائع کے مطابق جمعرات کو سرانان میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس تھانے کو دھماکہ خیز مواد سے اڑادیا اور جاتے ہوئے پولیس کی 2گاڑیاں ،اسلحہ اور 2اہلکاروں کواپنے ہمراہ لے گئے۔

مسلح افراد نے بعد ازاں دونوں پولیس اہلکاروں کو چھوڑدیا ۔

واقعہ کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر ملزمان کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔

دوسری جانب بلوچ لبریشن آرمی( بی ایل اے) نے واقعہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ آج بلوچ لبریشن آرمی کے سرمچاروں نے پشین کے شہر سرانان پر مکمل کنٹرول حاصل کرکے، پولیس تھانہ، نادرا آفس و دیگر سرکاری عمارتوں کو اپنی تحویل میں لے لیا اس دوران پولیس اہلکاروں کو حراست میں لیا گیا جنہیں بعد ازاں رہا کردیا گیا۔

ترجمان جیئند بلوچ کے مطابق تھانے سے بھاری تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود حاصل کرنے کے بعد تھانے کو دھماکے سے تباہ کردیا گیا۔ بلوچ لبریشن آرمی اس کاروائی کی ذمہ داری قبول کرتی ہے۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات جلد ہی میڈیا کو جاری کیئے جائیں گے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article