بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں سریاب روڈ پر بلوچستان یونیورسٹی کے قریب دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد علاقے میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے سریاب روڈ پر واقع کچی بیگ پولیس اسٹیشن کو دستی بم (ہینڈ گرینیڈ) سے نشانہ بنایا۔
پولیس اسٹیشن پر کیے گئے اس حملے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ہے، جسے فوری طبی امداد کے لیےہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حملے کے فوراً بعد پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا۔
سریاب روڈ اور اس کے گردونواح میں سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے اور حملے میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔