بلوچستان پر پاکستانی حکمرانی کا پر تشدد ماڈل اب ناکام ہو چکا ہے، ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ کی ہدہ جیل میں قید بلوچ یکجہتی کمیٹی ( بی وائی سی ) کی رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے سوراب میں حالیہ کارروائی اور بلوچستان کی مجموعی صورتِ حال کے حوالے سے ایک تفصیلی بیان جاری کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان گزشتہ سات دہائیوں سے بلوچ عوام پر حکمرانی کر رہا ہے۔ ریاست نے بلوچ عوام کو مسلسل جبر کے سائے تلے رکھ کر بلوچستان پر اپنی حکمرانی قائم رکھنے کی کوشش کی ہے، مگر حکمرانی کا یہ پرتشدد ماڈل اب ناکام ہو چکا ہے، اور اس ناکامی کی قیمت ایک بار پھر عام بلوچ آبادی سے وصول کی جا رہی ہے۔

بی وائی سی سربراہ نے کہا کہ بلوچ نسل کشی محض بلوچستان کا داخلی مسئلہ نہیں بلکہ ایک عالمی انسانی المیہ ہے۔ جب تک اس نسل کشی اور اس کے بنیادی اسباب کا ازالہ نہیں کیا جاتا، امن کی ہر بات محض لفاظی اور حقیقت سے فرار ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ سے سیکیورٹی کے نام پر بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کرفیو، فوجی آپریشن، جبری گمشدگیاں اور قتلِ عام معمول بنتے جا رہے ہیں۔

ڈاکٹراماہ رنگ بلوچ نے کہا کہ ان واقعات کی بڑی تعداد ریاستی میڈیا کے بیانیے میں جگہ نہیں پاتی، مگر بلوچ عوام ہر روز ان حالات کو اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں اور اپنی زندگیوں میں بھگت رہے ہیں۔ ہم ایسی ہر ریاستی پالیسی کو مسترد کرتے ہیں جس میں بلوچ بچوں، عورتوں اور عام شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال کر ان کی ہلاکتوں کو محض collateral damage کہہ کر نظر انداز کر دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سوراب میں گزشتہ رات پاکستانی جنگی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 27 افراد قتل اور زخمی ہوئے، جن میں بچے بھی شامل ہیں۔

بی وائی سی سربراہ نے کہا کہ اگر ایک ریاست عام شہریوں کے گھروں اور آبادیوں پر بمباری کے نتیجے میں بچوں سمیت درجنوں شہریوں کے قتلِ عام کو معمول کی کارروائی سمجھتی ہے، تو یہ ایک فوجی آپریشن نہیں بلکہ نسل کشی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوراب کے عوام کی جانب سے اس وحشیانہ اور جابرانہ حملے کے خلاف سڑک بند کرکے احتجاج کرنا اس بات کا اظہار ہے کہ لوگ اپنی جان و مال کے تحفظ اور اس قتلِ عام کے خلاف خاموش نہیں رہیں گے۔

اپنے بیان میں ان کا کہان تھا کہ میں بلوچستان کے عوام سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ سوراب واقعے کے خلاف اپنے گھروں سے نکلیں اور اپنے قتل پر ماتم کرنے کے بجائے مزاحمت کریں کیونکہ مزاحمت میں ہی ہماری بقا ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article