کوئٹہ : میان غنڈی میں سابق افغان سیکیورٹی اہلکاروں پر مسلح حملہ، 1 ہلاک، 7 زخمی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ کے علاقے میان غنڈی کے قریب بیوٹمز (BUITEMS) چلتن کیمپس کے ریسرچ فیلڈز میں مقیم سابق افغان سیکیورٹی اہلکاروں پر نا معلوم مسلح افراد نے پرتشدد حملہ کرتے ہوئے شدید فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور سات دیگر زخمی ہو گئے۔

پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت منصور پوپلزئی کے نام سے ہوئی ہے۔

واقعے کے فوری بعد تمام ساتوں زخمیوں کو علاج معالجے کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

کہا جارہا ہے کہ متاثرہ افراد طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد افغانستان سے نقل مکانی کر کے پاکستان آئے تھے۔

ذرائع کے مطابق یہ افراد اس سے قبل سرانان کے علاقے میں مقیم تھے، جہاں ان پر ڈرون حملے کیے گئے تھے، جس کے بعد انہیں بیوٹمز چلتن کیمپس کے معلومہ ریسرچ فیلڈز میں منتقل کیا گیا تھا۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے ۔

یاد رہے کہ اس سے قبل یہ خبریں میڈیا میں شائع ہوئی تھیں کہ پاکستانی فوج کی خفیہ ایجنسیز آئی ایس آئی اور ایم آئی بلوچستان میں جاری بلوچ تحریک آزادی کے مسلح قوتوں کے خلاف افغانستان کے سابق سیکیورٹی اہلکاروں کو استعمال کر رہی ہے ۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article