چاغی میں پولیس تھانہ بارودی مواد سے تباہ ،مائننگ کمپنی کے 7ملازمین اغوا

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے چاغی کے علاقے چہتر میں مسلح افراد نے پولیس تھانہ کوبارودی مواد سے تباہ کر دیا جبکہ ایک دوسرے واقعہ میں مسلح افراد مائننگ کمپنی کے 7ملازمین کو اغواء کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔

پولیس ذرائع کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ چاغی کے علاقے چہتر میں پولیس تھانہ کو نامعلوم مسلح افراد نے بارودی مواد سے تباہ کردیاہے۔

یہ واقعہ گزشتہ شب پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے دھماکے سے پولیس تھانے کو مکمل تباہ کرکے ملبے کا ڈھیر بنا دیا۔

دھماکے کی آواز اتنی شدید تھی کہ دور دور تک سنائی دی گئی ۔

علاقے میں دھماکے سے خوف و ہراس پھیل گیا ۔

پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔

چاغی میں ایک اور واقعہ میں نامعلوم مسلح افراد نے مائننگ کمپنی کے 7ملازمین کو اغواءکرکے اپنے ساتھ لے گئے۔
~
ماہیان کور میں نجی مائننگ کمپنی کی مائنز پر 8 مسلح نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے حملہ کرکے عملے کے 7 افراد کواغواکرکے اپنے ساتھ لے گئے۔

ضلع چاغی کی تحصیل چاغی سے مغرب کی جانب تقریباً 15 سے 18 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ماہیان کور کی نجی مائنز پر گزشتہ روز دن ایک بجے آٹھ مسلح نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے دھاوا بول دیا۔

مسلح افراد نے مائنز پر موجود عملے کو یرغمال بنایا اور سات افراد کو اپنے ساتھ لے گئے۔

اغوا ہونے والوں میں گلگت سے تعلق رکھنے والے چار افراد وجاہت، واجد، شاہد اور صابر جبکہ مقامی تین افراد ضیا الدین ساکن دالبندین، شاہ سلیم ساکن ماہیان چاغی اور سعید محمد ساکن ماہیان چاغی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق مسلح افراد مائنز پر شام سات بجے تک موجود رہے اور وہاں موجود ایک زمباد گاڑی، ایک فور بائی فور پک اپ، 20 سے زائد سولر پلیٹس، زرنج موٹر سائیکل، بستر، کچن کا سامان، سلنڈر، 2,500 لیٹر ڈیزل، 1,500 لیٹر پیٹرول سمیت دیگر سامان بھی اپنے ساتھ لے گئے۔

نجی مائنز ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح افراد کئی گھنٹوں تک مائنز میں موجود رہے اور اطمینان کے ساتھ کارروائی مکمل کرنے کے بعد مغوی عملے اور سامان سمیت فرار ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع بروقت متعلقہ انتظامیہ کو دے دی گئی تھی، تاہم تاحال مغوی ساتوں افراد بازیاب نہیں ہوسکے۔

واقعے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے مزید کارروائی اور مغویوں کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article