شاہرگ میں فوجی جارحیت سے ایک شخص ہلاک،لسبیلہ سے پنجاب کے رہائشی کی نعش برآمد

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے علاقے شاہرگ میں پاکستانی فوج نے دوران جارحیت ایک شخص کو قتل کردیا جبکہ لسبیلہ سے پنجاب کے رہائشی کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

شاہرگ سے اطلاعات ہیں کہ ایک نعش ملی ہے، جسے پاکستانی فوج کی جارحیت کے دوران قتل کردیا گیا ہے۔

بلوچستان کے علاقے شاہرگ سے گذشتہ روز پاکستانی فوج نے آپریشن کے نام پر علاقے میں دوران جارحیت متعدد گھروں میں داخل ہو کر تلاشی لی، جبکہ کئی افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔

اس دوران فوج نے 8 افراد کو حراست میں لیکر اپنے ہمراہ لے گئے تھے جن میں حاجی بابو در خان، طور خان، حاجی مڑز علی، احمدان، صابر سمیت دیگر افراد شامل تھے۔

مقامی افراد کے مطابق تلاشی کے دوران سازین اور چما نامی دو خواتین کو بھی فوج کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا جبکہ فوج فائرنگ سے عزیز الرحمان سمالانی نامی شخص زخمی ہوگیا تھا۔

اہلِ خانہ اور مقامی افراد نے مطالبہ کیا تھا کہ فوج کے ہاتھوں لاپتہ افراد کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں اور زخمیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کی جائیں، تاہم تازہ اطلاعات کے مطابق فوج کے فائرنگ سے زخمی عزیز الرحمان کی لاش ملی ہے۔

حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

دوسری جانب لسبیلہ آر سی ڈی شاہراہ پر احمدشاہ ولد ربنواز سکنہ لودھرا ں پنجاب کی لاش مقامی انتظامیہ نے برآمد کرلی ہے، جسے گذشتہ روز مسلح افراد نے حراست میں لیکر اپنے ہمراہ لے گئے تھے۔

مقامی پولیس کے ایک سینیئر اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ احمد شاہ تین چار ماہ قبل یہاں آکر قلفی فروخت کرنا شروع کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ 31 جولائی کو موٹر سائیکل پر لسبیلہ شہر کے نواحی علاقے میں قلفی فروخت کرنے نکلے لیکن رات تک واپس نہیں آئے جس پر پولیس نے ان کے اغوا کا مقدمہ درج کرلیا۔

تاہم گزشتہ روز پولیس کو ایک لاش ملی جس کی شناخت مغوی احمد شاہ کے نام سے ہوئی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ انھیں نامعلوم افراد نے اغوا کرنے کے بعد قتل کرکے ان کی لاش پھینک دی تھی۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ سی ٹی ڈی اس سلسلے میں مزید تحقیقات کررہی ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ علاقوں میں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں متحرک ہیں اور جو پاکستانی فوج و معدنیات لے جانے والی گاڑیوں پر حملوں میں ملوث رہے ہیں اور ان حملوں کی ذمہ داری بھی قبول کرتے رہے ہیں۔

تاہم ان تازہ حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article