بلوچستان کے علاقے واشک میں عرب شیخ کے کیمپ پر مسلح افرادنے حملہ کرکے قبضہکرلیا اور سرکاری اسلحہ و گاڑیاں ضبط کرلیں جبکہ ،ماشکیل میں گاڑی پر دستی بم حملے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
واشک سے اطلاعات ہیں کہ مسلح افراد نے غیر ملکی شہری کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں سے اسلحہ، گاڑیاں و شیخ کی ذاتی گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا۔
ضلع واشک میں واقع ایک اہم مقام پر حملے کی اطلاعات ہیں، جہاں مسلح افراد نے سرکاری اسلحے سمیت 11 گاڑیوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
واضح رہے کہ عرب ممالک سے متعدد شہری اور سرکاری اہلکار بلوچستان میں شکار کے لیے آتے ہیں، جہاں انہیں بلوچستان حکومت کی جانب سے سیکیورٹی اور دیگر سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔
دوسری جانب ماشکیل میں آج مغرب کے وقت گراؤنڈ کے قریب ایک گاڑی پر دو دستی بم پھینکے گئے جس میں ایک شخص کی ہلاکت اور دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلح افراد نے ماشکیل میں گرائونڈ کے سامنے کھڑی ایک گاڑی کے اندر دو دستی بم پھینکے جس میں ایک شخص ہلاک جب کہ دو زخمی ہوگئے۔
ہلاک اور زخمی ہونے والوں کا تعلق حساس ادارے سے بتایا جاتا ہے۔