بی وائی سی کا ڈاکٹر ماہ رنگ و شاہ جی کی عمر قید کی سزاؤں کے خلاف یو این ماہرین کے بیان کا خیرمقدم

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) نے اقوامِ متحدہ کے ماہرین کی جانب سے جاری کردہ اس بیان کا خیرمقدم کیا ہے جس میں انسانی حقوق کی محافظ اور بی وائی سی کی آرگنائزر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہ جی کو سنائی جانے والی عمر قید کی سزاؤں کی مذمت کی گئی ہے۔

یو این ماہرین نے ان سزاؤں کو ‘انصاف کا جنازہ’ قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ یہ سزائیں غیر شفاف ٹرائل اور انسدادِ دہشت گردی و قتل کے قوانین کے غلط استعمال کا نتیجہ ہیں، جن کا مقصد آزادیِ اظہار رائے، پرامن اجتماع اور انجمن سازی کے حقوق کو جرم بنانا ہے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں کو گزشتہ تقریباً 16 ماہ سے حراست میں رکھا گیا ہے اور ان کے خلاف 50 سے زائد من گھڑت اور بے بنیاد کیسز درج کیے گئے ہیں۔ انہیں 26 دنوں تک جیل کے اندر ایسے ٹرائل (faceless trials) کا نشانہ بنایا گیا جس پر وہ مسلسل احتجاج اور اس کا بائیکاٹ کرتے رہے ہیں۔

ملزمان کی مرضی اور رضامندی کے بغیر، ان کی خواہشات کے برعکس ریاستی سطح پر نامزد کردہ سرکاری وکیل ان پر مسلط کیے گئے۔ اس کے بعد ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہ جی کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی، جبکہ کئی دیگر کیسز میں ان کے ٹرائل اب بھی جاری ہیں۔

بی وائی سی نے اقوامِ متحدہ، عالمی حکومتوں، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور دنیا بھر کی سول سوسائٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ بلوچستان کی صورتحال پر اپنی توجہ برقرار رکھیں، پاکستان پر انسانی حقوق کے کارکنوں کی سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کا سلسلہ بند کرنے کے لیے دباؤ ڈالیں اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اصولوں کی جاری خلاف ورزیوں پر جوابدہی کو یقینی بنائیں۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی ناانصافی کے خلاف مزاحمت، جوابدہی کے فروغ اور بلوچ عوام کے بنیادی حقوق اور وقار کے تحفظ کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article