اسلام آباد میں تعینات اے ایس ایف انسپکٹر دوست سمیت کوئٹہ سے لاپتہ

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (ASF) کے ایک اعلیٰ اہلکار سمیت دو افراد کے مبینہ اغوا کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

لاپتہ ہونے والے انسپکٹر اسلام آباد میں تعینات ہیں اور وہ چھٹیوں پر کوئٹہ آئے ہوئے تھے۔

پولیس نے انسپکٹر کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، اسلام آباد میں تعینات اے ایس ایف (ASF) کے انسپکٹر زبیر احمد ان دنوں چھٹی پر اپنے گھر کوئٹہ آئے ہوئے تھے۔ دو دن قبل وہ اپنے ایک دوست کے ہمراہ موٹر سائیکل پر گھر سے نکلے، جس کے بعد سے دونوں پراسرار طور پر لاپتہ ہیں اور ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔

مغوی انسپکٹر کے والد نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے، جس کے بعد مقامی تھانے میں مقدمہ درج کر کے دونوں نوجوانوں کی بازیابی کے لیے تفتیش اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ تاحال کسی گروپ نے ان کے اغوا کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (ASF) کے آفیسر کے اغوا کا یہ تازہ ترین واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ ماہ ہی بلوچستان کے ضلع قلات سے اسی فورس کے ایک انتہائی سینیئر افسر کی لاش برآمد ہوئی تھی۔

اے ایس ایف کے 58 سالہ ڈپٹی ڈائریکٹر و کمانڈنگ آفیسر محمد وسیم احمد (جن کا تعلق کراچی سے تھا) اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ کوئٹہ سے کراچی جا رہے تھے۔ قلات سے تقریباً 40 کلومیٹر دور ‘محمد تاوا’ کے مقام پر مسلح افراد نے ان کی نجی گاڑی کو روکا، اور شناخت کے بعد محمد وسیم اور ان کے ساتھی کو اغوا کر لیا، جبکہ گاڑی اور دونوں ڈرائیوروں کو چھوڑ دیا گیا تھا۔

اس اغوا کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی (BLA) کے ترجمان جیئند بلوچ نے قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کارروائی ان کے انٹیلی جنس ونگ زراب کی خفیہ معلومات پر کی گئی۔

اغوا کے ایک ماہ بعد، قلات کے علاقے ‘توک’ میں قومی شاہراہ سے دو کلومیٹر دور ایک ویران مقام سے محمد وسیم احمد کی لاش برآمد ہوئی تھی، جسے پولیس نے ہسپتال منتقل کرنے کے بعد ضروری کارروائی کے لیے کراچی روانہ کیا تھا۔ سی ٹی ڈی، ایف سی اور پولیس کا مشترکہ سرچ آپریشن بھی انہیں بازیاب کرانے میں ناکام رہا تھا۔

اے ایس ایف کے ایک اور افسر کے کوئٹہ سے حالیہ اغوا کے بعد سیکیورٹی فورسز اور حساس اداروں کی تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article