بی وائی سی کا کامیاب ہڑتال پر اظہار تشکر ،پنجگور سے متعدد دکاندار گرفتار

ایڈمن
ایڈمن
4 Min Read

بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) نے 24 جون کی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کامیابی پر بلوچ عوام کا شکریہ ادا کیا جبکہ پنجگور سے بی وائی سی کی کال پر دکانیں بند کرنے کی پاداش میں پاکستانی فورسز نے متعدد دکانداروں کو حراست میں لے لیا ہے۔

بی وائی سی نے جاری بیان میں کہاہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی 24 جون کی شٹر ڈاؤن ہڑتال کو بلوچ عوام نے تاریخی انداز میں کامیاب بنا کر ریاست کو دوٹوک پیغام دیا ہے کہ وہ بی وائی سی کی قیادت کے خلاف سنائے گئے غیر منصفانہ، متنازع اور سیاسی انتقام پر مبنی فیصلوں کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ بلوچستان کے طول و عرض میں عوام، تاجر برادری، سیاسی و سماجی تنظیموں، طلبہ، وکلاء اور مختلف عوامی حلقوں نے ہڑتال کو کامیاب بناکر ثابت کر دیا کہ ریاستی جبر اور انتقامی کارروائیوں کے ذریعے بلوچ عوام کے اجتماعی سیاسی شعور کو نہ دبایا جا سکتا ہے اور نہ ہی ان کی مزاحمت کو شکست دی جا سکتی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی ان تمام عوامی طبقات، تاجر برادری، سیاسی و سماجی تنظیموں، طلبہ تنظیموں، سیاسی کارکنوں، وکلاء، بار ایسوسی ایشنز، انسانی حقوق کے کارکنوں اور جمہوری قوتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے اس عوامی مزاحمت میں اپنا کردار ادا کیا۔ بلوچ عوام کی یہ یکجہتی اس حقیقت کا اعلان ہے کہ وہ اپنے سیاسی رہنماؤں، قومی وقار، بنیادی انسانی حقوق اور انصاف کے مطالبے سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے۔ 24 جون کی شٹر ڈاؤن ہڑتال اس عوامی مزاحمت کا صرف ایک مرحلہ تھا؛ اسیر رہنماؤں کی رہائی، سیاسی انتقام کے خاتمے، انصاف کے حصول اور انسانی و جمہوری حقوق کی بحالی تک ہماری پُرامن مگر غیرمتزلزل مزاحمتی جدوجہد پہلے سے زیادہ قوت، عزم اور عوامی حمایت کے ساتھ جاری رہے گی۔

دوسری جانب پنجگور میں بی وائی سی کی کال پر دکانیں بند کرنے کے پاداش میں پاکستانی فورسز نے متعدد دکانداروں کو حراست میں لے لیاہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق متعدد دکانداروں کو پوچھ گچھ کے لیے اپنے ساتھ لے جایا گیا، تاہم بعد ازاں انہیں رہا کر دیا گیا۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے بعد بازار جزوی طور پر بند رہا، تاہم کچھ دیر بعد بیشتر کاروباری مراکز دوبارہ کھل گئے جبکہ کئی دکانیں بند رہیں۔

متاثرہ دکانداروں نے بتایا کہ وہ شدید دباؤ کی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ کل بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں کو سنائی گئی عمر قید کی سزا کے خلاف بلوچستان کے مختلف علاقوں کوئٹہ، گوادر، خضدار، کیچ، حب چوکی، خاران، پنجگور، دالبندین، قلات، واشک، مستونگ ، نوشکی سمیت دیگر اضلاع میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔

یہ ہڑتال ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہ جی بلوچ کو سنائی گئی عمر قید کی سزا اور بی وائی سی رہنماؤں کی مسلسل حراست کے خلاف تھی۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article