بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تمپ اور ضلع گوادر کے علاقے پسنی میں پاکستانی فوج نے دوران جارحیت متعدد گھر نذرِ آتش کردیئے۔
تمپ میں فورسز کی جانب سے جارحیت جاری ہے، اس دوران کوھاڈ میں داد محمد ولد چاکر نامی شخص کے گھروں کو نذرِ آتش کیا گیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ مذکورہ شخص کے گھروں کو نشانہ بنایا گیا ہو، بلکہ اس سے قبل بھی ان کے متعدد گھروں پر چھاپے مارے گئے اور املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز کی جانب سے تمپ کے علاقے رودبن میں بھی چھاپوں اور آپریشن کی کارروائیوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
دوسری جانب ساحلی ضلع گوادر کے پسنی کے علاقے کلانچ اور اس کے گردونواح میں آج فورسز کی بڑی تعداد میں نقل و حرکت اور ممکنہ آپریشن کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق فورسز نے پہاڑی علاقوں میں داخل ہو کر ایک آپریشن کا آغاز کیا ہے، تاہم سرکاری سطح پر تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز کے اہلکاروں کی بڑی تعداد کو صبح کے وقت علاقے میں دیکھا گیا، جہاں انہیں مختلف پہاڑی علاقوں کی جانب پیش قدمی کرتے ہوئے رپورٹ کیا گیا۔
تاحال کسی قسم کے جانی نقصان یا گرفتاریوں کی باضابطہ اطلاعات سامنے نہیں آئیں۔