نوشکی ومستونگ میں مرکزی شاہراہوں پر مسلح افراد کی ناکہ بندی ،7 بڑی گاڑیاں ضبط،10 نذرآتش

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے علاقے نوشکی اور مستونگ میں مرکزی شاہراہوں پر مسلح افراد نے ناکہ بندی کرکے 7 بڑی گاڑیاں ضبط کیں جبکہ 10 گاڑیوں کو نذر آتش کردیا جن میں بوزر بھی شامل تھے۔

نوشکی میں مسلح افراد نے مرکزی شاہراہ پر ناکہ بندی کے دوران 10 گاڑیوں کو نذرآتش کردیا۔

نوشکی کے علاقے مل میں کوئٹہ تفتان مرکزی شاہراہ پر ایک بوزر سمیت 4 گاڑیوں کو نذرآتش کردیا گیا ہے۔

اسی طرح نوشکی کے علاقے احمد وال میں پھاٹک کے قریب کوئٹہ تفتان شاہراہ پر مسلح افراد نے مزید 6 بڑی گاڑیوں کو حملے میں نشانہ بناکر گاڑیوں کو نذرآتش کردیا۔

دوسری جانب مستونگ میں مرکزی شاہراہ کو مسلح افراد نے کنٹرول میں لیکر گھنٹوں تک ناکہ بندی کی اور سات بڑی گاڑیوں کو اپنی تحویل میں لیا۔

مستونگ کے علاقے شیخ واصل میں آج صبح مسلح افراد نے کوئٹہ تفتان مرکزی شاہراہ پر ناکہ بندی کی اور تلاشی کا عمل جاری رکھا۔

ذرائع کے مطابق مسلح افراد اس دوران سات بڑی گاڑیوں کو اپنی تحویل میں لیا جن میں ٹرالر اور بوزر گاڑیاں شامل ہیں۔

حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

خیال رہے کوئٹہ تفتان شاہراہ پر حالیہ دنوں معدنیات و دیگر گاڑیوں پر حملوں کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں جن کی ذمہ داری بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں قبول کرچکی ہیں۔

شاہراہوں پر مسلسل حملوں کے باعث معدنیات و دیگر سامان لیجانے والی گاڑیوں کے ایسوسی ایشنز نے لوڈنگ بند کردی ہے جبکہ اس حوالے سے احتجاج بھی کیا گیا تاہم حکام کی یقین دہانی کے بعد ہڑتال کو موخر کردیا گیا۔

حکومتی یقین دہانیوں کے بعد بھی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ دنوں مستونگ، نوشکی اور پنجگور میں مرکزی شاہراہوں پر پاکستانی فورسز کے قافلوں سمیت معدنیات و دیگر گاڑیوں پر حملے ہوچکے ہیں جن کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی قبول کرچکی ہے۔

تاہم آج کی ان کارروائیوں کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے تاہم مذکورہ شاہراہ گذشتہ دو مہینوں سے بلوچسرمچاروں کے کنٹرول میں ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article