بلوچستان کی آزادی کے لئے سرگرم مسلح تنظیمیں یو نائیٹڈ بلوچ آرمی (یو بی اے) اور بلوچ ریپبلکن گارڈز (بی آر جی) نے میڈیا کو جاری اپنے بیانات میں کچھی اور نصیر آباد میں اپنے دو الگ کارروائیوں میں لیویز تھانہ عمارت اور پل کو تباہ کرنے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
یونائیٹڈ بلوچ آرمی کے ترجمان مزار بلوچ نے میڈیا کو بھیجے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یو بی اے سرمچاروں نے گزشتہ شام 7:30 کے قریب ضلع کچھی کے علاقے سنی لُنڈو کے مقام پر قائم لیویز تھانہ کو دھماکہ خیز مواد نصب کرکے حملے کا نشانہ بنایا جس میں لیویز تھانے کی عمارت مکمل طور پر ناکارہ ہوگئی۔
ترجمان کے مطابق مذکورہ لیویز تھانہ فوجی آپریشن کے دوران فرنٹیئر کور (ایف سی) کے زیرِ استعمال رہا، اس حملے کی ذمہ داری ہماری تنظیم یو بی اے قبول کرتی ہے۔
مزار بلوچ نے مزید کہا ہمارے اس طرح کے حملے آزاد بلوچستان کے حصول تک جاری رئینگے۔
دوسری جانب بلوچ ریپبلکن گارڈز کے ترجمان دوستین بلوچ نے میڈیا کو بھیجے گئے بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ شب بی آر جی سرمچاروں نے بلوچستان کے ضلع نصیر آباد کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی کی حدود میں بلوچستان کو سندھ سے ملانے والی مرکزی شاہراہ پر قائم ایک پل کو بارودی مواد لگا کر دھماکے سے نشانہ بنا کر شدید نقصان پہنچایا۔
ترجمان کے مطابق دھماکہ کے باعث آنے جانے والے ٹریفک معطل ہوگئی۔
ترجمان نے مزید کہا اس حملے کی ذمہ داری ہماری تنظیم بی آر جی قبول کرتی ہے اور ہمارے اس طرح کی کارروائیاں بلوچستان کی آزادی تک جاری رہیں گے۔