ڈاکٹر ماہ رنگ و شاہ جی کو عمر قید کی سزائیں،بی ڈبلیوایف کا بین الاقوامی تنظیموں سے مداخلت کی اپیل

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچ وومن فورم( بی ڈبلیو ایف) نے بی وائی سی کے اسیر سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ ، صبغت اللہ شاہ اور دیگر بلوچ سیاسی کارکنان کو عمر قید کی سزا سنائے جانے کے اقدام پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انسدادِ دہشت گردی عدالت کی جانب سے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، شاہ جی بلوچ اور دیگر بلوچ سیاسی کارکنان کو عمر قید کی سزا سنانا بنیادی انسانی حقوق،انصاف کے عالمی اصولوں اور آئینی تقاضوں کی صریح خلاف ورزی ہے،جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

بی ڈبلیو ایف کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ بلوچستان میں کئی دہائیوں سے پرامن سیاسی کارکنان، انسانی حقوق کے کارکنان اور اختلافِ رائے رکھنے والے آوازوں کو مختلف نوعیت کے جھوٹے اور سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمات میں الجھا کر پابندِ سلاسل کیا جاتا رہا ہے۔ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، شاہ جی بلوچ اور دیگر سیاسی کارکنان کے خلاف جاری فیس لیس ٹرائل اور اس کے نتیجے میں سنائی جانے والی سزائیں اس امر کا واضح ثبوت ہیں کہ ریاست بلوچ عوام کی پرامن اور جمہوری آوازوں کو برداشت کرنے کے بجائے انہیں خاموش کرانے کے لیے مختلف حربے استعمال کررہی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ سیاسی اختلاف اور اپنی حقوق کے لیے آواز اٹھانا کوئی جرم نہیں، بلکہ ہر شہری کا بنیادی اور آئینی حق ہے۔ پرامن سیاسی کارکنان کو انتقام کا نشانہ بنانا انہیں طویل عرصے تک قید و بند میں رکھنا اور شفاف عدالتی کارروائی کے تقاضوں سے انحراف کرنا نہ صرف انصاف کے اصولوں کی نفی ہے بلکہ بلوچستان میں پہلے سے موجود سیاسی بے چینی اور عدم اعتماد میں مزید اضافہ کرنے کا سبب بنے گا۔

اپنے بیان میں بلوچ وومن فورم کا کہنا تھا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، شاہ جی بلوچ اور دیگر بلوچ سیاسی کارکنان کے خلاف سنائے گئے فیصلوں پر فوری نظرِ ثانی کی جائے، انہیں انصاف کے تقاضوں کے مطابق شفاف عدالتی کارروائی کا حق فراہم کیا جائے، اور بلوچستان میں سیاسی اختلافِ رائے کو دبانے کے بجائے مسائل کے حل کے لیے جمہوری اور سیاسی راستہ اختیار کیا جائے۔

آخر میں ہم انسانی حقوق کی قومی و بین الاقوامی تنظیموں، وکلا برادری، سول سوسائٹی اور انصاف پسند حلقوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بلوچ سیاسی کارکنان کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کے لیے اپنی آواز بلند کریں اور ہمارا ساتھ دیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article