بلوچ یکجہتی کمیٹی ( بی وائی سی ) کے اسیر رہنماؤں کے لواحقین کو اپنے اسیر عزیزوں سے ملاقات کی اجازت دیے جانے کے بعد ہدہ جیل کے سامنے جاری پُرامن احتجاجی دھرنا اختتام پذیر ہو گیا ہے۔
یہ احتجاج اس بنیادی حق کے حصول کے لیے تھا جس سے اہلِ خانہ کو کئی دنوں سے محروم رکھا گیا تھا۔
بی وائی سی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم ان تمام افراد، سیاسی کارکنوں، انسانی حقوق کے کارکنوں، صحافیوں اور انصاف پسند عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس مشکل وقت میں لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ یہ پیش رفت اس بات کا ثبوت ہے کہ پُرامن، منظم اور اصولی جدوجہد اپنی اہمیت اور اثر رکھتی ہے۔
تاہم اسیران کے خلاف جاری غیر شفاف عدالتی کارروائیوں، فیس لیس ٹرائل اور بنیادی قانونی حقوق سے متعلق خدشات بدستور برقرار ہیں۔
یاد رہے کہ آج بی وائی سی کے اسیر رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ ، بیبوبلوچ ، گلزادی بلوچ ، شاہ جی بلوچ اور بیبرگ بلوچ کے اہلخانہ کی جانب سے ان کے عزیزوں سے ملاقات پر پابندی اور فیس لیس ٹرائل کے خلاف ہدہ جیل کوئٹہ کے سامنے دھرنا دیا گیا تھا۔