کوئٹہ: فیس لیس اور غیر شفاف ٹرائلز کے خلاف وکلاء کا عدالتوں کے سامنے شدید احتجاج

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کی وکلاء برادری نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں کے خلاف جاری فیس لیس (نامعلوم یا پسِ پردہ) اور غیر شفاف ٹرائلز کے خلاف عدالتی احاطوں میں شدید احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔

آج بلوچستان کے وکلاء نے سیشن کورٹ کوئٹہ، کچہری کوئٹہ اور انسدادِ دہشت گردی عدالت (ATC) کوئٹہ کے سامنے جمع ہو کر یکجہتی کا اظہار کیا اور غیر آئینی عدالتی کارروائیوں کے خلاف نعرے بازی کی۔

احتجاج کے دوران وکلاء نے جج صاحبان کے سامنے اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے فیس لیس ٹرائلز کو مکمل طور پر مسترد کر دیا۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقتدر وکلاء رہنماؤں نے واضح کیا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں کے خلاف جاری موجودہ کارروائیاں انصاف، آئینِ پاکستان اور فئیر ٹرائل کے بنیادی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ ان کا مؤقف تھا کہ سیاسی کارکنوں اور انسانی حقوق کے دفاع کرنے والوں کو ان کے قانونی و آئینی حقوق سے محروم کرنا انصاف کے نظام کو مفلوج کرنے اور قانون کی حکمرانی کو شدید نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔

وکلاء نے عدالتی حکام اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں کے خلاف جاری فیس لیس ٹرائل کے تمام نوٹیفکیشنز فوری طور پر واپس لیے جائیں۔تمام تر عدالتی کارروائیوں کو شفاف، عوامی اور آئینی تقاضوں کے مطابق کھلی عدالتوں میں چلایا جائے۔ سیاسی قیدیوں کو قانون کے مطابق دفاع کا پورا حق فراہم کیا جائے۔

رہنماؤں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ یہ معاملہ صرف چند سیاسی قیدیوں کے مقدمات تک محدود نہیں ہے، بلکہ یہ پورے عدالتی نظام، شہری آزادیوں اور ملک میں قانون کی بالادستی کا سوال ہے۔ اگر آج انصاف کے ان بنیادی اصولوں کو پامال کرنے پر خاموشی اختیار کی گئی، تو کل ملک کا ہر عام شہری اس لاقانونیت اور جبر کی زد میں ہوگا۔

احتجاج کے اختتام پر بلوچستان کے وکلاء نے ملک بھر بالخصوص بلوچستان اور پاکستان کے دیگر صوبوں کی وکلاء برادری سے پرزور اپیل کی کہ وہ اس غیر آئینی اقدام کے خلاف جاری جدوجہد کا حصہ بنیں اور فیس لیس و غیر منصفانہ ٹرائلز کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خاموشی جبر کو طاقت دیتی ہے، جبکہ مزاحمت ہی انصاف کی بنیاد رکھتی ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article