کراچی: بلوچ لکھاری حبیبہ پیر محمد فورسز ہاتھوں دوسری مرتبہ جبری لاپتہ

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن سے بلوچ لکھاری اور شاعرہ حبیبہ پیر محمد کو دوسری مرتبہ جبری طور پر لاپتہ کر دیا گیا ہے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ 25 مئی 2026 کو آدھی رات کے وقت 12:40 AM پر بلدیہ ٹاؤن، کراچی کی گلشنِ مزدور تھرڈ اسٹریٹ پر پیش آیا، جہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں (CTD/MI) نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

متاثرہ خاتون کے بیٹے یاسر بلوچ نے بتایا کہ اہلکار بغیر کسی خاتون اہلکار کے گھر میں داخل ہوئے اور ان کی والدہ حبیبہ پیرمحمد کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔ ان کے مطابق انہیں بھی اسلحے کے زور پر گاڑی میں بٹھایا گیا، آنکھوں پر پٹی باندھ کر نامعلوم مقام منتقل کیا گیا جہاں ان سے مختلف سوالات کیے گئے۔ بعد ازاں انہیں صبح تقریباً ساڑھے چار بجے شیر شاہ میں ایک بینک کے سامنے چھوڑ دیا گیا۔

یاسر بلوچ کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد سے ان کی والدہ کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں مل سکی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ حبیبہ پیرمحمد کی دوسری مرتبہ جبری گمشدگی ہے۔ اس سے قبل بھی انہیں 19 مئی 2022 کو حراست میں لیا گیا تھا اور تین روز بعد واپس چھوڑ دیا گیا تھا۔

اہلخانہ نے حبیبہ پیرمحمد کی فوری بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں قانون کے مطابق عدالت میں پیش کیا جائے یا فوری طور پر رہا کیا جائے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق، حبیبہ پیر محمد کا تعلق نذر آباد، تمپ (بلوچستان) سے ہے اور وہ بلوچی زبان کی ایک لکھاری اور شاعرہ ہیں۔ وہ اپنے تحریروں میں بلوچستان کے سماجی و سیاسی حالات اور وہاں جاری مبینہ ریاستی جبر کو موضوع بناتی رہی ہیں، اور مانا جا رہا ہے کہ انہیں ان کی اسی ادبی و فکری وابستگی کی پاداش میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

حبیبہ پیر محمد کی دوسری مرتبہ جبری گمشدگی کے واقعہ پر انسانی حقوق کے حلقوں اور بلوچ برادری میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی نے سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ #EndEnforcedDisappearances کے تحت مہم کا آغاز کرتے ہوئے حبیبہ پیر جان کی فوری اور بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ خواتین لکھاریوں اور دانشوروں کو اس طرح لاپتہ کرنا آزادیِ اظہارِ رائے پر قدغن اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article