پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے بلوچستان میں مختلف کارروائیوں کے دوران 12 مشتبہ افراد کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے دعوے کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 20 نومبر سے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 12 مشتبہ افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائیاں بلوچستان کے ضلع نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں کی گئیں۔
بیان کے مطابق 20 نومبر کو ضلع نوشکی میں شدت پسند وں کے ایک مبینہ ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جہاں کارروائی کے دوران8 افراد ہلاک ہوئے۔
پاکستانی فوج کے مطابق ہلاک ہونے والوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 21 نومبر کو ضلع سبی میں ایک اور کارروائی کے دوران دو مبینہ مشتبہ افراد مارے گئے۔
فوج کے مطابق 22 اور 23 نومبر کو پنجگور اور کیچ میں ہونے والی مزید کارروائیوں میں دو دیگر مبینہ مشتبہ افراد ہلاک ہوئے اور ان کے ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔
یاد رہے کہ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کیے گئے دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
تجزیہ کاروں اور مقامی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں آزادی پسند مسلح تنظیموں کی سرگرمیوں کے باعث سکیورٹی فورسز کی نقل و حرکت محدود ہو کر رہ گئی ہے، اور اس نوعیت کے دعوؤں کا مقصد پاکستانی عوام کو گمراہ کرنا اور اُن اہلکاروں کا گرتا ہوا مورال بحال رکھنا ہے جو بلوچستان میں تعیناتی سے ہچکچاتے ہیں، جبکہ جن افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کیا جا رہا ہے مقامی سطح پر تاحال ایسے کسی تصادم کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
ماضی میں بھی ایسے بیانات کے بعد لاشیں یا تو ویرانوں اور سڑکوں پر پھینک دی جاتی رہی ہیں یا انہیں ہسپتالوں میں منتقل کیا جاتا رہا ہے، جن کی بعد ازاں شناخت پہلے سے جبری طور پر لاپتہ کیے گئے افراد کے طور پر ہوتی رہی ہےجنہیں دورانِ حراست یا جعلی مقابلوں میں قتل کر کے مسلح افراد کے طور پر ظاہر کیا جاتا رہا ہے۔
علاوہ ازیں، گزشتہ روز پنجگور کے سرکاری ہسپتال میں پاکستانی فوج کی جانب سے چند افراد کی لاشیں منتقل کی گئی تھیں، جن کی شناخت تو ہو گئی ہے تاہم ان کی ہلاکت کے محرکات اور حالات سے متعلق تاحال کوئی واضح معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔
دوسری جانب نوشکی اور مستونگ میں آبادی پر ڈرون حملوں اور سوراب میں گولہ باری کے واقعات میں ایک شخص ہلاک جبکہ خواتین و بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے تھے، تاہم آئی ایس پی آر کے بیان میں ان شہری نقصانات کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا، جس سے عسکری کارروائیوں کی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھتے ہیں۔