مولانا فضل الرحمان کی کال کے بعد پاکستان کے مختلف مقامات پر شاہراہیں بند

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

پاکستان میں نیشنل ہائی وے اور موٹروے پولیس کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں عوامی احتجاج کے باعث کئی شاہراہیں اور سڑکیں بند ہیں، جبکہ موٹروے ایم ٹو پر شمال کی جانب جانے والی ہیوی ٹرانسپورٹ گاڑیوں (ایچ ٹی وی) کا داخلہ بعض ٹول پلازوں پر ’تا حکمِ ثانی‘ بند کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے موٹروے پر بھیرہ کے مقام پر بھی سڑک بند ہونے کی اطلاع دی تھی، تاہم سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بعد میں آنے والی پوسٹ کے مطابق ’مذکورہ سڑک کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔‘

ایکس پر پوسٹس میں نیشنل ہائی وے اور موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ این۔55 پر لاڑکانہ کے قریب، این۔25 پر قلات میں مغلزئی چوک کے نزدیک، این۔50 پر بوستان کراس اور خانوزئی گرڈ سٹیشن کے مقام پر، جبکہ این۔5 پر نوشہرو فیروز بائی پاس کنڈیارو کے قریب احتجاج کے باعث سڑک بند ہے۔

اس کے علاوہ موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ ایم ٹو پر چکری نارتھ، کیپیٹل سمارٹ سٹی، ٹھلیاں، بلکسر، نیلہ، اور کلر کہار ٹول پلازوں سے شمال کی جانب ہیوی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے میڈیا سیل نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر مختلف مقامات پر شاہراہیں بند کی گئی ہیں۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مطابق پشاور میں کارکنوں نے احتجاجاً ایم ون موٹروے ٹول پلازہ بند کر دیا، جس کے بعد موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہو گئی اور دونوں اطراف آمدورفت معطل ہو گئی۔

پارٹی کا کہنا ہے کہ کوہاٹ میں ڈھوڈہ چوک کے مقام پر انڈس ہائی وے بند کی گئی، جبکہ چشمہ کے مقام پر میانوالی اور کنڈل جانے والی دونوں شاہراہوں کو بھی بند کر دیا گیا۔

جے یو آئی (ف) نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ قومی شاہراہ پر احتجاجی دھرنے کے باعث ٹریفک کی آمدورفت روکی گئی، جبکہ حب میں بھوانی کے مقام پر کوئٹہ، کراچی قومی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بلاک کیا گیا۔

پارٹی کے مطابق کوئٹہ میں سبی روڈ بھی بند کی گئی ہے، جبکہ لاڑکانہ بائی پاس کے مقام پر انڈس ہائی وے پر دھرنا دے کر سڑک بند کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے اپنے کارکنوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ ملک بھر میں احتجاج کرتے ہوئے راستوں، سڑکوں اور شاہراہوں کو بلاک کریں۔

فضل الرحمٰن نے اس احتجاجی کال کی وجہ سرگودھا میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے جلسے میں رکاوٹ ڈالنے کی مبینہ حکومتی کوششوں کو قرار دیا تھا۔

Share This Article