بلوچستان کے ضلع پشین میں کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ایک کارروائی میں 4 مبینہ مسلح افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے دعوے کے مطابق خفیہ معلومات کی بنیاد پر یہ کارروائی ضلع پشین کے علاقے سرخاب میں کی گئی۔
ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران مبینہ مسلح افراد اور سکیورٹی اہلکاروں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں چارمسلح افراد ہلاک ہو گئے۔
ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا گیا، ہلاک ہونے والے مسلح افراد کی لاشیں سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردی گئی ہیں۔
اب تک ہلاک کئے گئے مذکورہ افراد کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ۔
ماضی میں سی ٹی ٹی کے متعدد ایسی کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت بطور جبری لاپتہ افراد کے طور ہوتی رہی ہے بعد ازاں سیاسی و سماجی حلقوں اور لاپتہ افراد لواحقین نے تصدیق کی تھی کہ مارے جانے والے افراد پہلے سے فورسز کے تحویل میں تھے جنہیں مختلف علاقوں سے جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا تھا اور بعد ازاں جعلی کارروائی میں ماورائے عدالت قتل کیا گیا تھا۔