پسنی کے ساحل پر نایاب نسل کی ڈولفن مردہ حالت میں برآمد

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع گوادر کے تحصیل پسنی کے نواحی علاقے گرانی کے ساحل پر انتہائی نایاب سمندری ممالیہ انڈو پیسیفک فن لیس پورپوائز (Indo Pacific Finless Porpoise) مردہ حالت میں پائی گئی۔

اورماڑہ سے تعلق رکھنے والے وائلڈ لائف ایکسپرٹ اور ماحولیاتی صحافی محمود سگار نے سائنسی مشاہدے کے بعد اس نایاب نسل کی باقاعدہ تصدیق کردی ہے۔

ان کے مطابق 15 مئی 2026 کو ساحل پر ملنے والے اس جاندار کو مقامی زبان میں ٹابی کہا جاتا ہے، جو عالمی سطح پر تحفظِ فطرت کی تنظیم (IUCN) کی ریڈ لسٹ میں خطرے سے دوچار قرار دی جاچکی ہے۔

محمود سگار نے گزشتہ واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مکران کی ساحلی پٹی ان نایاب جانداروں کا قدرتی مسکن ہے لیکن یہاں ان کی مسلسل اموات سمندری ماحولیات کے لیے تشویشناک ہیں۔ اس سے قبل گزشتہ سال 23 نومبر 2025 کو بھی اورماڑہ کے پدی زر ساحل پر اسی نسل کا ایک پورپوائز مردہ پایا گیا تھا۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس نایاب جاندار کی موت کی وجہ غیر قانونی ماہی گیری، خاص طور پر ممنوعہ گل نیٹ (Gillnets) ہوسکتے ہیں جن میں پھنس کر یہ جاندار دم گھٹنے کی وجہ سے ہلاک ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے محکمہ وائلڈ لائف اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ان جانداروں کے تحفظ کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں اور اس تازہ واقعے کی فوری تحقیقات کرائی جائیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article