کوئٹہ میں ایک شخص کے اغوا کے خلاف اہلخانہ کا احتجاج، روڈ ٹریفک کےلیے بند

ایڈمن
ایڈمن
1 Min Read

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں گذشتہ شب ایئرپورٹ روڈ پر بی اے مال کے سامنے بازئی قبیلہ اور مغوی کے اہل خانہ کی جانب سے سردار ظفر بازئی کے مبینہ اغوا کے خلاف شدید احتجاج کیا ، جس کے باعث سڑک کے دونوں اطراف ٹریفک کی روانی مکمل طور پر معطل ہو گئی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق سردار سلام بازئی اور سردار نسیم بازئی کے بھائی سردار ظفر بازئی کو نامعلوم مسلح افراد نے مبینہ اغوا کر لیا ہے، جس پر قبیلے کے افراد مشتعل ہو کر سڑکوں پر نکل آئے۔

احتجاج کے باعث ایئرپورٹ روڈ پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ سردار ظفر بازئی کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے اور اغوا میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے جب تک مغوی کی بحفاظت واپسی یقینی نہیں بنائی جاتی، احتجاجی دھرنا جاری رہے گا۔

پولیس اور انتظامیہ کے حکام مظاہرین سے مذاکرات اور صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم ایئرپورٹ جانے والے راستوں پر تاحال ٹریفک بلاک ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article