جیونی میں کوسٹ گارڈز کی فائرنگ سے متعدد مزدور ہلاک، حالات کشیدہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع گوادر کی تحصیل جیونی میں پاکستان کوسٹ گارڈز کی مبینہ فائرنگ سے متعدد مزدور ہلاک اور درجنوں کی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

علاقے میں صورتحال انتہائی کشیدہ بتائی جا رہی ہے۔

عینی شاہدین اور مقامی ذرائع کے مطابق کوسٹ گارڈز نے کنٹانی ہور کے مقام پر مزدوروں پر براہِ راست فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کئی افراد موقع پر ہی جان سے گئے جبکہ متعدد زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے۔

مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب مزدور معمول کے مطابق اپنے کام میں مصروف تھے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اچانک فائرنگ شروع ہوئی جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ جان بچانے کے لیے محفوظ مقامات کی جانب بھاگنے لگے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک شدگان کی تعداد 8 سے زائد ہو چکی ہے، تاہم سرکاری سطح پر کوئی تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔

مقامی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ فائرنگ کے بعد کوسٹ گارڈز نے علاقے میں موجود تیل کے کئی ڈپوؤں کو آگ لگا دی اور مختلف مقامات سے بڑی مقدار میں تیل قبضے میں بھی لے لیا ہے۔

کنٹانی میں مقامی افراد ایران سے پٹرول درآمد کر کے بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں میں سپلائی کرتے ہیں۔

ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کی درست تعداد جمع کی جا رہی ہے جبکہ حکام کی جانب سے واقعے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article