امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے کہا ہے کہ امریکہ نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں ہٹانے کا آغاز کر دیا ہے۔
سینٹکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں امریکی بحریہ کے میزائلوں سے لیس دو ڈسٹرائر تعینات کیے گئے ہیں جو اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ یہ آبی گزرگاہ محفوظ رہے۔
سینٹکام کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر کا کہنا ہے کہ ’آج ہم نے ایک نیا راستہ قائم کرنے کا عمل شروع کیا اور ہم جلد ہی اس محفوظ راستے کا سمندری صنعت کے ساتھ اشتراک کریں گے تاکہ تجارت کے آزادانہ بہاؤ کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔‘
اس سے قبل امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسلام آباد مذاکرات کے دوران ایک اور بیان میں کہا ہے کہ آبنائے ہرمز بہت جلد کھل جائے گی۔
ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنا دعویٰ دہرایا کہ امریکہ نے ایران کی فوج کو تباہ کر دیا ہے، جس میں اُن کی بحریہ اور نیوی سمیت سب کچھ شامل ہے۔
صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ خالی آئل ٹینکرز تیل کی لوڈنگ کے لیے امریکہ کی طرف آ رہے ہیں، کیونکہ امریکی تیل، دُنیا میں سب سے بہترین ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اُنھوں نے آبنائے ہرمز کھولنے کی یقین دہانی پر ایران میں بمباری روکی تھی۔