بالگتر میں خاتون پر فائرنگ اور زخمی کرنے کے خلاف احتجاج،سی پیک شاہراہ بلاک

ایڈمن
ایڈمن
1 Min Read

بلوچستان کے علاقے بالگتر میں چند روز قبل دردانگ نامی خاتون پر پاکستانی سیکورٹی فورسز کی فائرنگ اور زخمی ہونے کے واقعے کے خلاف آج علاقہ مکینوں نے ایم-8 شاہراہ کو بالگتر کے مقام پر احتجاجاً بند کردیا۔

شاہراہ کی بندش کے باعث کوئٹہ سے تربت اور گوادر کی جانب سفر کرنے والی گاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ 8 دسمبر کو بالگتر سہاکی سے تعلق رکھنے والی خاتون دردانگ زوجہ نزیر احمد فائرنگ کے ایک واقعے میں زخمی ہوئی تھیں، اور علاقہ مکینوں کا الزام تھا کہ خاتون سیکورٹی فورسز کی مبینہ فائرنگ سے نشانہ بنیں۔

زخمی خاتون کو ابتدائی علاج کے لیے ٹیچنگ اسپتال تربت منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں مزید طبی سہولیات کے لیے کراچی ریفر کردیا گیا۔

علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، جبکہ احتجاج کے باعث انتظامیہ اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا جاری ہے۔

Share This Article