بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے ھوشاپ میں گذشتہ شب مقامی آبادی پرگولہ باری سے پانچ بچیاں زخمی ہوگئیں جن میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق نامعلوم سمت سے گھروں پر اندھا دھند فائرنگ اور مارٹر شیلنگ کی گئی، جس کے باعث خواتین اور بچیاں متاثر ہوئیں۔
ھوشاپ کے مقامی ذرائع اور لواحقین نے میڈیا سے رابطہ کرکے کہا ہے کہ ہمارے گھروں پر مارٹر گولے برسائے گئے جس کے نتیجے میں کافی لوگ زخمی ہوئے ہیں۔جن میں اکثریت بچیوں کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک بچی کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔
مقامی لوگوں کاکہنا ہے کہ تمام زخمیوں کو ہم نے تُربَت ٹیچنگ ہسپتال منتقل کئےہیں۔
اس سلسلے میں ٹیچنگ ہسپتال تربت کے ایک ذمہ دار اہلکار نے بھی ہوشاپ سے پانچ زخمی بچوں کی آمد کی تصدیق کی ہے اور بتایا کہ زخمیوں کو ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب ہوشاپ میں سڑکوں پر مسلح افراد کی ناکہ بندی اور اسنیپ چیکنگ جبکہ سیکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ تاہم اس حوالے سے سرکاری ذرائع یا پولیس سے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق یا موقف سامنے نہیں آیا۔