بلوچستان میں علیحدگی پسند تحریکیں سرگرم ہیں ، کوئی بغاوت نہیں، سرفراز بگٹی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے کٹھ پتلی وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں منعقدہ 17ویں نیشنل ورکشاپ کے شرکا سے آج خطاب کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ بلوچستان میں کوئی بغاوت نہیں بلکہ نام نہاد علیحدگی پسند تحریکیں سرگرم ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ان ریاست مخالف عناصر کا مقصد پاکستان کو نقصان پہنچانا اور تقسیم کرنا ہے، بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بگڑنے کی اصل ذمہ دار ہے۔

اپنے الزام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کی خراب صورتحال کے پیچھے بھارتی ایجنسی ’را‘ کا واضح کردار ہے، علیحدگی پسند بھارت سے خوش ہیں مگر پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف مسلح افواج کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ لڑائی ہے، بلوچستان میں ’غیر مساوی ترقی‘ کا جھوٹا تاثر جان بوجھ کر پیدا کیا گیا تاکہ تقسیم کی فضا ہموار کی جا سکے، اور ناراض بلوچ جیسی اصطلاحات صرف دہشت گردی کو جواز دینے کے لیے گھڑی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو شخص تشدد کا راستہ اختیار کرے اور ہتھیار اٹھائے، وہ ناراض نہیں بلکہ دہشت گرد ہے، نوجوانوں اور ریاست کے درمیان فاصلہ سوشل میڈیا پروپیگنڈا کے ذریعے پیدا کیا گیا جب ہ حکومت، یونیورسٹیوں اور ہر فورم پر جا رہی ہے تاکہ نوجوانوں کے مسائل براہِ راست سنے جا سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی صلاحیت میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے 10 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، سیکیورٹی فورسز ان علاقوں میں آپریشن کر رہی ہیں جہاں دوست اور دشمن میں فرق کرنا مشکل ہے۔

Share This Article