امریکی صدر ٹرمپ کے قریبی ساتھی اور قدامت پسند نوجوانوں کی تنظیم ’ٹرننگ پوائنٹ یو ایس اے‘ کے سی ای او اور شریک بانی 31 سالہ چارلی کرک یوٹاہ ویلی یونیورسٹی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران گولی لگنے سے ہلاک ہوگئے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں چارلی کرک کی ہلاکت کا اعلان کیا، وائٹ ہاؤس کے ایکس ہینڈل نے صدر ٹرمپ کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے چارلی کرک کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں لکھا: ’عظیم، بلکہ حقیقی معنوں میں ایک لیجنڈری، چارلی کرک وفات پا گئے ہیں‘۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یونیورسٹی کے ایک ترجمان نے کہا کہ پولیس کے پاس کوئی مشتبہ شخص زیرِ حراست نہیں ہے۔ اس سے پہلے اسکول نے اطلاع دی تھی کہ کسی کو حراست میں لیا گیا ہے۔
واقعے کی ویڈیو جو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کرک ایک کھلی جگہ پر ایک بڑے ہجوم سے خطاب کر رہے تھے کہ اچانک ایک زور دار دھماکے جیسی آواز آتی ہے جو گولی کی آواز معلوم ہوتی ہے۔
کرک کو لمحہ بھر کے لیے اپنا ہاتھ گردن کی طرف لے جاتے اور پھر کرسی سے گر پڑتے دیکھا جا سکتا ہے، اس موقع پر ان کی گردن خون بہتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے، جس کے بعد شرکا خوفزدہ ہو کر بھاگ کھڑے ہوتے ہیں۔
ایک اور ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گولی لگنے کے فوراً بعد کرک کی گردن سے خون بہہ رہا ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے قریبی ساتھی کی موت پر ملک بھر میں امریکی پرچم سرنگوں کرنے کا حکم دے دیا۔
امریکی صدر کے حکم پر وائٹ ہاؤس سمیت امریکا بھر میں امریکی پرچم سرنگوں کردیے گئے، وائٹ ہاؤس کے ایکس ہینڈل سے پرچم سرنگوں کیے جانے کی وڈیو بھی شیئر کی گئی۔
کرک اور اُن کی تنظیم ٹرننگ پوائنٹ یو ایس اے، جو ملک کی سب سے بڑی قدامت پسند نوجوانوں کی تنظیم ہے، نے نومبر میں ٹرمپ کے لیے نوجوان ووٹروں کی حمایت حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
بدھ کو کرک کی شرکت ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں ہونے والے 15 ایونٹس پر مشتمل مجوزہ ’امریکن کم بیک ٹور‘ کی پہلی تقریب تھی،وہ اکثر ایسے پروگراموں میں، جہاں بڑی تعداد میں طلبہ جمع ہوتے، حاضرین کو مدعو کرتے کہ وہ اُن سے براہِ راست مباحثہ کریں۔
گولی لگنے سے پہلے کرک ایک میز پر بیٹھے تھے، جسے وہ ’مجھے غلط ثابت کرو‘ ٹیبل کہتے ہیں، تاکہ سامعین کے سوالات کا جواب دے سکیں۔
کرک اپنی غیر منافع بخش سیاسی تنظیم کی جانب سے منعقدہ ایک مباحثے سے خطاب کر رہے تھے، یہ تقریب کیمپس میں متنازع بن گئی تھی، ایک آن لائن پٹیشن، جس میں یونیورسٹی انتظامیہ سے کرک کو خطاب کرنے سے روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا، کو تقریباً ایک ہزار دستخط ملے تھے۔